Tuesday , November 20 2018
Home / کھیل کی خبریں / ٹاٹا ممبئی مراتھن کو آئی اے اے ایف سے گولڈ لیبل

ٹاٹا ممبئی مراتھن کو آئی اے اے ایف سے گولڈ لیبل

ممبئی۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹاٹا ممبئی مراتھن کو انٹرنیشنل اسوسی ایشن آف اتھیلٹکس فیڈریشنس کی جانب سے گولڈ لیبل دیا گیا ہے۔ یہ مراتھن دوڑ 20 جنوری 2019ء کو منعقد ہونے والی ہے۔ ممبئی مراتھن کا یہ 16 واں ایڈیشن ہوگا اور ملک میں یہ واحد دوڑ ہے جسے اس ایلیٹ زمرہ میں شامل کیا گیا ہے۔ اس دوڑ میں 405,000 ڈالرس کی انعامی رقم ہے۔ اُمید کی جارہی ہے کہ اس دوڑ کے 6 زمروں میں 46,000 شرکاء حصہ لیں گے۔ انٹرنیشنل اسوسی ایشن آف اتھیلٹکس فیڈریشنس کی جانب سے کسی بھی دوڑ کو گولڈ لیبل کئی عوامل کو ذہن میں رکھتے ہوئے دیا جاتا ہے۔ ان میں مختلف زمرے ، تنظیمی مہارت ، عالمی معیار کی ٹریک ، مرد و خواتین اتھیلٹس کیلئے انعامی رقم ، میڈلس ، راست ٹی وی کوریج، میڈیا سہولیات وغیرہ کو پیش نظر رکھا جاتا ہے۔ جوائنٹ ایم ڈی پروکام انٹرنیشنل ویویک سنگھ نے کہا کہ یہ منظم ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ ہم کو اعزاز حاصل ہے کہ ہمیں آئی اے اے ایف سے ٹاٹا ممبئی مراتھن کیلئے گولڈ لیبل مل رہا ہے۔ یہ کامیابی ایسی ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے جو اس دوڑ کو کامیاب اور معیاری بنانے کیلئے بے تکان جدوجہد کررہی ہے۔ نائب صدر انڈین اولمپک اسوسی ایشن و صدر اتھیلیٹکس فیڈریشن آف انڈیا اے سوماری والا نے بھی آئی اے اے ایف کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس مراتھن کے آغاز ہی سے وہ اس سے وابستہ رہے ہیں اور ٹاٹا ممبئی مراتھن کیلئے گولڈ لیبل کا حصول ایک بڑی کامیابی ہے۔ یہ تمام ذمہ داروں کی مشترکہ جدوجہد اور کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

TOPPOPULARRECENT