ٹرمپ جان کر بھی انجان بننے کی اداکاری کررہے ہیں : ترکی

انقرہ ۔ 23 ۔ نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ترکی نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ شاید صحافی جمال خشوگی کے بہیمانہ قتل کو نظرانداز کردینا چاہتے ہیں ۔ ورنہ وہ ایسا کیوں کہتے کہ اس واقعہ کے بعد بھی سعودی عرب اور امریکہ کے تعلقات پر کوئی منفی اثرات مرتب نہیں ہوں گے ۔ وزیر خارجہ ترکی میولوت کاوسغونو نے سی این این ترک براڈکاسٹر کو ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ ٹرمپ جس طرح جان کر بھی انجان بننے کی اداکاری کررہے ہیں اس سے یہی ظاہر ہوتا ہے کہ ٹرمپ خشوگی معاملہ کو اہمیت نہیں دے رہے ہیں کیونکہ سعودی عرب کو ان کی ( ٹرمپ ) حمایت بدستور جاری ہے جو دراصل کروڑہا ڈالرس کے ہتھیاروں کے معاہدہ سے مربوط ہے ۔ حالانکہ عالمی سطح پر خشوگی کے قتل کیلئے سعودی عرب کی مذمت کی جاری ہے اور سعودی ولیعہد محمد بن سلمان کی نیک نامی بھی متاثر ہوئی ہے ۔ یاد رہے کہ منگل کو سی آئی اے کی اس رپورٹ کوٹرمپ نے نظرانداز کردیا تھا کہ خشوگی کے قتل کا حکم محمد بن سلمان نے دیا تھا ۔ سی آئی اے امریکہ کا ایک باوقار تحقیقاتی ادارہ سمجھا جاتا ہے اور جب ٹرمپ اس ادارے کی رپورٹ کو ہی نظرانداز کررہے ہیں تو یہ بات سمجھ میں آجاتی ہے کہ خشوگی کے قاتل کو کیفرکردار تک پہنچانے میں ٹرمپ کو کوئی دلچسپی نہیں ۔

TOPPOPULARRECENT