Saturday , June 23 2018
Home / دنیا / ٹرمپ نے ویٹرن افیئرس سکریٹری ڈاکٹر شولکین کو برطرف کردیا

ٹرمپ نے ویٹرن افیئرس سکریٹری ڈاکٹر شولکین کو برطرف کردیا

واشنگٹن ۔ 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دورحکومت میں ایسا لگتا ہیکہ یکے بعد دیگرے ہر اہم عہدہ پر فائز عہدیدار کو آج نہیں تو کل مستعفی ہونا پڑیگا۔ اب باری تھی ٹرمپ کے ویٹرن افیئرس سکریٹری ڈیوڈ شولکین کی جنہیں ٹرمپ نے برطرف کرتے ہوئے وائیٹ ہاؤس کے فزیشین ایڈمرل رونی جیکسن کو نیا سکریٹری نامزد کیا ہے۔ ٹرمپ نے اپنے ٹوئیٹر پر یہ اعلان کیا اور بعدازاں ایک علحدہ بیان جاری کرتے ہوئے سبکدوش ہوئے شولکین کا ان کی خدمات پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ شولکین کے ساتھ مل کر انہوں نے (ٹرمپ) کئی کارہائے نمایاں انجام دیئے ۔ ملک کے تمام معمر افراد کی فلاح و بہبود کے تئیں ڈاکٹر شولکین ہمیشہ سے سنجیدہ اور فرض شناس رہے لہٰذا میں انکی خدمات کو فراموش نہیں کرسکتا۔ وہ ہمیشہ ملک بھر میں معمر افراد کی فلاح و بہبود کیلئے فکرمند رہا کرتے تھے۔ یاد رہیکہ جاریہ ماہ کے اوائل میں ٹرمپ نے وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن کو بھی برطرف کردیا تھا اور انکی جگہ پر مائیک پامپینو کی نامزدگی عمل میں آئی تھی جو سی آئی اے کے ڈائرکٹر ہیں۔ دونوں ہی کابینی قلمدانوں کیلئے سینیٹ کی جانب سے توثیق کیا جانا لازمی ہے۔ ٹرمپ نے رونی جیکسن کے بارے میں کہا کہ وہ انتہائی قابل اور تربیت یافتہ ہیں۔ ڈاکٹر شوکلین کو برطرف کئے جانے پر اپوزیشن نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT