Wednesday , September 26 2018
Home / Top Stories / ٹرمپ ٹاور میں آتشزدگی‘ایک ہلاک‘6زخمی

ٹرمپ ٹاور میں آتشزدگی‘ایک ہلاک‘6زخمی

نیویارک۔8اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) نیویارک فائر ڈپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ ٹرمپ ٹاؤر کی 50ویں منزل میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجہ میں ایک شخص ہلاک اور آتش فرو عملہ کے 6 اہلکار زخمی ہوگئے ۔ آتشزدگی کے مقام پر پہنچنے والے آتش فرو عملہ کے ارکان کا ایک 67سالہ شخص بیہوش حالت میں پڑا دستیاب ہوا جس کی شناخت ٹوڈ برسیز کی حیثیت سے کی گئی ہے جو ٹرمپ ٹاور کی 50ویں منزل پر مقیم تھا ۔ اس کو تشویشناک حالت میں دواخانہ سے رجوع کیا گیا تھا اور آتش فرو محکمہ کی خاتون ترجمان اینجلیکا کولزائے نے کہا کہ بعد معائنہ اس کو مردہ قرار دیا گیا ۔ طبی معائنہ کے بعد موت کی وجوہات کا انکشاف کیا جائے گا ۔ نیویارک کا ففتھ ریونیو میں واقع ٹرمپ ٹاور میں لگی آگ پر فوری قابو پالیا گیا ۔ 67 منزلہ ٹرمپ ٹاور امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ملکیت ہے ۔ فائر کمشنر ڈینیل نیگرو نے کہا کہ آتشزدگی کے وقت ٹرمپ خاندان کے ارکان ٹاور میں موجود نہیں تھے ۔ صدر ٹرمپ نے آتش فرو عملہ کو مبارکباد دی اور ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’ ٹرمپ ٹاور سے آگ بجھادی گئی ۔ انتہائی محفوظ ( انتہائی مضبوطی کے ساتھ تعمیر شدہ عمارت) ہے ۔
آتش فرو عملہ کے جانباز مرد و خواتین عظیم خدمت انجام دی ۔ شکریہ ! ڈونالڈ ٹرمپ اور خاتون اول جنوری میں وہائٹ ہاؤز منتقل ہونے سے قبل ٹرمپ ٹاورس کی 56 تا 58 منزل پر واقع ٹرپلکس پینٹ ہاؤز میں مقیم تھے ۔ اس میں اگرچہ 68 منزلیں تھیں لیکن تکنیکی اعتبار سے یہ عمارت صرف 58 منزل ہے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT