Wednesday , December 19 2018

ٹرمپ کا فیصلہ بین الاقوامی ’’داداگیری‘:‘ : مہاتر محمد

کوالالمپور۔ 16 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) ملیشیا کے سابق وزیر اعظم مہاتر محمد نے یروشلم کو اسرائیل کی راجدھانی کی منظوری دینے کے فیصلے پر امریکہ کے صدر ڈونالڈٹرمپ کی سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں’’بین الاقوامی داداگیری ‘‘کرنے والا قرار دیا ہے۔مہاتر محمد نے کل یہاں امریکی سفارت خانے کے باہر مظاہرہ کے دوران کہا کہ ٹرمپ کے فیصلے سے دہشت گردی کو فروغ ملے گا۔ملیشیا میں اپوزیشن اتحاد کے سربراہ مہاتر محمد نے کہا کہ ’’آج ہمارے سامنے ایک بین الاقوامی دھمکانے والے ہیں۔ ٹرمپ، کسی ایسے کو تلاش کرو جو آپ کے برابر ہو۔اس سے (یروشلم کی منصوبہ بندی) صرف مسلمانوں میں ناراضگی بڑھے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کو اپنی پوری طاقت سے ٹرمپ کی مخالفت کرنی چاہیے ۔تمام مسلم ممالک کو اسرائیل سے اپنے تعلقات توڑ لینا چاہئے ۔ ملائیشیاکے وزیر اعظم نجیب رزاق نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ امریکہ کی طرف سے یروشلم کو اسرائیل کی دارالحکومت کی منظوری دیئے جانے کا تمام مسلم ممالک کو پرزور مخالفت کرنی چاہیے۔ قابل غور ہے کہ ٹرمپ نے گزشتہ سات دہائیوں سے چلی آرہی روایت کو توڑ کر یروشلم کو اسرائیل کی راجدھانی کے طور پر منظوری دیدی ہے ۔
اس اعلان کے ساتھ ہی ٹرمپ نے امریکی سفارت خانے کو تل ابیب سے یروشلم منتقل کرنے کا حکم بھی دیدیا۔ اس کے برعکس آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن (او آئی سی) نے یروشلم کو فلسطین کی راجدھانی کا اعلان کر دیا ہے ۔ او آئی سی نے امریکہ کے اس فیصلے کو مغربی ایشیا میں امن کے لئے زبردست جھٹکا بتایا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT