Monday , November 20 2017
Home / دنیا / ٹرمپ کو امریکہ کی قیادت کا موقع دینا چاہئے : ہلاری

ٹرمپ کو امریکہ کی قیادت کا موقع دینا چاہئے : ہلاری

امریکی عوام سے نومنتخب صدر ٹرمپ کے اولین ٹوئیٹر میں اپیل

نیویارک ۔ 9 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہلاری کلنٹن نے آج امریکی عوام سے اپیل کی کہ نومنتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو منقسم ملک کی قیادت کا موقع دیں۔ انہوں نے عہدکیا کہ وہ ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے ان کے ساتھ تعاون کریں گی۔ اپنی شکست تسلیم کرنے کے بعد پہلی بار منظرعام پر آنے والی ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہلاری کلنٹن نے امید ظاہر کی کہ ڈونالڈ ٹرمپ تمام امریکیوں کے ایک کامیاب صدر ثابت ہوں گے۔ دریں اثناء نومنتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے قوم کے نام پیغام دیتے ہوئے اپنے اولین ٹوئیٹر میں تحریر کیا کہ ہم سب کو متحد ہوجانا چاہئے۔ اتنے متحد کہ ماضی میں کبھی نہیں رہے۔ انہوں نے اپنے اولین ٹوئیٹر میں ایک لاکھ 40 ہزار افراد سے جو انہیں پسند کرتے ہیں اور بحیثیت عمومی تمام امریکی عوام سے اپیل کی کہ وہ متحد ہوکر پوری دنیا کو یہ پیغام دیں کہ امریکی قوم پوری طرح متحد ہے۔ کلنٹن کو ایک کروڑ 60 ہزار ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ انہوں نے ان تمام سے بھی اپیل کی کہ وہ تمام اختلافات فراموش کرتے ہوئے متحد ہوجائیں اور اپنے امریکی شہری ہونے پر فخر کریں۔ ہلاری کلنٹن نے برسرعام اپنی اولین تقریر میں ان تمام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انتخابی مہم میں ان کا ساتھ دیا اور ان تمام رائے دہندوں خاص طور پر خواتین کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اب انتخابات کا مرحلہ ختم ہوچکا ہے اور انہیں امید ہیکہ تمام امریکی متحد ہوکر ملک کی بھلائی کیلئے کام کریں گے۔ 70 سالہ ڈونالڈ ٹرمپ امریکہ کے 45 ویں صدر ہوں گے کیونکہ انہوں نے رائے دہی میں کامیابی حاصل کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT