Thursday , January 18 2018
Home / دنیا / ٹرمپ کو انتخابات جیتنے میں کوئی دلچسپی نہیں تھی : بینن

ٹرمپ کو انتخابات جیتنے میں کوئی دلچسپی نہیں تھی : بینن

واشنگٹن ۔ 12 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان کے سابق وائیٹ ہاؤس چیف اسٹریٹیجسٹ اسٹیو بینن نے انہیں زبردست دھوکہ دیا ہے کیونکہ گذشتہ ہفتہ شائع ہوئی ایک کتاب میں انہوں نے ٹرمپ اور ان کے ارکان خاندان کو زبردست تنقیدوں کا نشانہ بنایا ہے۔ یاد رہیکہ بینن نے ابتداء میں ٹرمپ کے کیمپین منیجر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور بعدازاں وائیٹ ہاؤس میں انہیں چیف اسٹریٹیجسٹ بنایا گیا تھا لیکن ٹرمپ نے گذشتہ سال اگست میں انہیں برطرف کردیا تھا۔ ’’فائر اینڈ فیوری : ان سائڈ دی ٹرمپ وائیٹ ہاؤس‘‘ نامی کتاب میں بینن کا تذکرہ ایک ایسے شخص کی حیثیت سے کیا گیا ہے جو ٹرمپ فیملی کا زبردست ناقد ہے۔ انہوں نے ٹرمپ کے بارے میں یہ تک کہا تھا کہ موصوف کو صدارتی انتخابات میں کامیابی سے کوئی دلچسپی ہی نہیں تھی اور خاتون اول میلانیا کو جب ٹرمپ کی جیت کی اطلاع ملی تو وہ غمزدہ ہوکر رونے لگی تھیں کیونکہ وہ نہیں چاہتی تھیں کہ ٹرمپ صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کریں۔ بہرحال کتاب کے اقتباسات منظرعام پر آتے ہی ٹرمپ نے کہا تھا کہ بینن کا ان کی صدارت سے کچھ لینا دینا نہیں ہے بلکہ میں یہ کہنا چاہوں گا کہ ان کی (بینن) دماغی حالت ٹھیک نہیں ہے۔ جب ٹرمپ سے یہ پوچھاگیا کہ کیا ان کے اور بینن کے تعلقات مستقل طور پر بگڑ گئے ہیں؟ تو ٹرمپ نے جواب دیا کہ مستقل کا کیا مطلب ہوتا ہے وہ نہیں جانتے تاہم یہ بات ایک بار پھر کہنا چاہتا ہوں کہ بینن کا میری صدارت سے کچھ لینا دینا نہیں۔

TOPPOPULARRECENT