ٹرمپ کی بوکھلاہٹ، شمالی کورین جنرل سے مصافحہ کے بجائے سلیوٹ کر ڈالا

واشنگٹن ۔20 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ٹرمپ بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے اور شمالی کورین جنرل سے مصافحہ کے بجائے سلیوٹ کر ڈالا اور تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ صارفین کی جانب سے خوب مزاحیہ تبصرے کئے گئے ۔ شمالی کوریا کے سرکاری ٹیلی ویژن نے دو روز قبل امریکی ٹرمپ اور شمالی کوریا کے ایک جنرل کے درمیان سلام اور مصافحے کے مناظر نشر کیے تھے جس کے بعد امریکی میڈیا میں اس پر خاصی لے دے ہوئی۔اس مختصر ویڈیو کلپ میں ٹرمپ نے پہلے شمالی کوریا کے مسلح افواج کے وزیر نو کوان چول کی طرف مصافحے کے لیے ہاتھ بڑھایا تاہم شمالی کوریا کے جنرل نے ہاتھ ملانے کے بجائے انہیں فوجی سلیوٹ کیا۔ اس پر ٹرمپ کے پاس بھی جوابی سلیوٹ کے سوا کوئی چارہ نہ تھا۔اس کے فوری بعد جنرل چول نے مصافحے کے لیے ٹرمپ کی جانب ہاتھ بڑھا دیا جس پر امریکی صدر بوکھلا گئے اور اس بوکھلاہٹ اور شرمندگی کو کیمروں کی آنکھ نے بھی محفوظ کر لیا۔ اس حوالے سے ٹرمپ کے چاہنے والوں کا کہنا ہے کہ یہ عام سی بات تھی اور اس میں کوئی شرمندگی کی بات نہیں۔ دوسرے جانب بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ بوکھلاہٹ پر مبنی عجیب سا منظر تھا۔

TOPPOPULARRECENT