Tuesday , December 12 2017
Home / Top Stories / ٹرمپ کی مہاجرین سے متعلق سخت ترین پالیسی

ٹرمپ کی مہاجرین سے متعلق سخت ترین پالیسی

واشنگٹن ۔ 9 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے تارکین وطن سے متعلق اپنی سخت ترین پالیسی کے اصولوں کی فہرست کانگریس بھجوا دی ہے۔ اس فہرست میں تارکین وطن سے متعلق ترجیحات درج ہیں۔ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ اس فہرست سے یہ خطرات لاحق ہو گئے ہیں کہ ملک میں موجود نوجوان غیرقانونی تارکین وطن کے تحفظ سے متعلق صدر ٹرمپ اور ڈیموکریٹس قانون سازوں کے درمیان ’’ڈریمرز‘‘ نامی ڈیل ختم ہو سکتی ہے۔اس فہرست میں میکسیکو کی سرحد پر متنازعہ دیوار کی تعمیر بھی شامل ہے۔ صدر ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران اس دیوار کے قیام کا وعدہ کیا تھا۔ فہرست میں تارکین وطن کے دور کے رشتہ داروں کو ملک میں داخلے کے حق کا خاتمہ کرتے ہوئے کسی گرین کارڈ ہولڈر کو فقط بیوی اور بچوں کو امریکہ بلانے کی اجازت پر زور دیا گیا ہے۔صدر ٹرمپ کے جانب سے اس فہرست میں ڈیموکریٹ پالیسی سازوں سے ایسے مطالبات بھی کیے گئے ہیں، جنہیں وہ ماننے کو تیار نہیں اور اس سے یہ خطرات پیدا ہو گئے ہیں کہ نوجوان غیرقانونی تارکین وطن کے ملک میں قیام سے متعلق ڈیل پر جاری مذاکرات تعطل کا شکار ہو سکتے ہیں۔یہ بات اہم ہے کہ سابق صدر باراک اوباما نے ان نوجوانوں کے ملک میں قیام کو قانونی تحفظ دینے کے لیے DACA نامی پروگرام شروع کیا تھا، تاہم صدر ٹرمپ نے یہ پروگرام ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا اور کہا تھا کہ کانگریس چھ ماہ کے اندر اندر اس بابت متبادل قانون سازی کرے۔

TOPPOPULARRECENT