Sunday , November 19 2017
Home / دنیا / ٹرمپ کی کامیابی سے پیپسی ملازمین فکرمند : اندرانوئی

ٹرمپ کی کامیابی سے پیپسی ملازمین فکرمند : اندرانوئی

نیویارک ۔ 15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پیپسی کو کی ہندوستانی نژاد سی ای او اندرانوئی نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ منعقدہ صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک ہلاری کلنٹن کی شکست نے خود ان کی بیٹیوں، ہم جنس پرست ورکرس، ملازمین اور غیرسفید فام شہریوں کو فکرمند کردیا ہے کیونکہ امریکہ میں ڈونالڈ ٹرمپ کے صدر بننے پر انہیں اپنے تحفظ سے متعلق تشویش لاحق ہوگئی ہے۔ نیویارک ٹائمز ڈیل بک کانفرنس میں جب ان سے پوچھا گیا کہ 9 نومبر کی صبح کو انہوں نے ٹرمپ کی فتح کے بعد کیسا محسوس کیا؟ جس کا جواب انہوں نے انتہائی مدبرانہ انداز میں دیتے ہوئے کہا کہ ’’کیا آپ کے پاس ٹشو پیپرز کا باکس ہے‘‘۔ یاد رہیکہ اندرانوئی ہلاری کلنٹن کی زبردست حامی ہیں۔ شاید وہ اپنے آنسوؤں کو پونچھنا چاہتی ہیں۔ خطاب کے دوران اندرانوئی بجھی بجھی سی نظر آرہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہلاری کی شکست کے بعد ان کی بیٹیاں اور پیپسی کو کے ملازمین فکرمند ہوگئے ہیں۔ خصوصی طور پر غیرسفیدفام ملازمین کو اپنے تحفظ کی فکر لاحق ہوگئی ہے۔ میری بیٹیاں اور تمام ملازمین ہنوز سوگوار ہیں۔ سب لوگ صرف ایک ہی سوال کررہے ہیں کہ ’’کیا ہم محفوظ ہیں؟‘‘ انہوں نے کبھی زندگی میں یہ بات نہیں سوچی تھی کہ انہیں اس نوعیت کے سوال کا جواب دینا پڑے گا۔ نئی حکومت کو امریکی عوام کو یہ طمانیت دینی چاہئے کہ وہ تمام امریکہ میں محفوظ ہیں۔ ان انتخابات کے بعد امریکہ میں کچھ بھی تبدیل نہیں ہوا ہے۔ انتخابی مہمات کے دوران ہم نے جو کچھ بھی سنا وہ محض انتخابی پروپگنڈہ تھا اور اب جبکہ فیصلہ ہوچکا ہے ہمیںا مریکہ کی ترقی کیلئے متحدہ طور پر کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے ڈونالڈ ٹرمپ کو مبارکباد دی اور کہا کہ جن لوگوں نے ہلاری کلنٹن کی تائید کی تھی وہ ہنوز سوگوار ہیں۔
تاہم زندگی تو آگے ہی بڑھتے رہنے کا نام ہے۔ جمہوریت کے عمل نے اپنی ذمہ داری مکمل کرلی اور اب ہمیں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہے۔

TOPPOPULARRECENT