Sunday , April 22 2018
Home / دنیا / ٹرمپ کے دورہ سے جنگ کے امکانات کو تقویت : شمالی کوریا

ٹرمپ کے دورہ سے جنگ کے امکانات کو تقویت : شمالی کوریا

سیول 11 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) شمالی کوریا نے آج ڈونالڈ ٹرمپ کے جنگ کے امکانات کو تقویت دینے والے دورہ ایشیا پر تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ اس سے شمالی کوریا کی مکمل نیوکلئیر مزاحمت کی کوششوں میں مزید تیزی پیدا ہوگی ۔ ٹرمپ نے اپنے دورہ ایشیا کے دوران شمالی کوریا کے ہتھیاروں کے پروگرام کے خلاف تائید حاصل کرنے کی کوشش کی ہے اور علاقائی طاقتوں سے کہا ہے کہ وہ شمالی کوریا کی حکومت کے خلاف متحد ہوجائیں۔ صدر امریکہ کے دورہ کے تعلق سے اپنے اولین تبصرہ میں شمالی کوریا کے ایک عہدیدار‘ وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ دورہ در اصل جنگ کے اندیشوں کو تقویت دینے کی کوشش تھی اور اس کا مقصد تصادم کو یقینی بنانا تھا ۔ حالیہ مہینوں میں شمالی کوریا کے ہتھیاروں کے پروگرام پر کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے جبکہ شمالی کوریا کی جانب سے اپنا چھٹا نیوکلئیر تجربہ بھی کیا گیا ہے ۔ اب تک شمالی کوریا کی جانب سے درجنوں میزائیل تجربے کئے جاچکے ہیں اور اس کا دعوی ہے کہ اس کے کچھ میزائیل امریکہ تک بھی وار کرسکتے ہیں۔ گذشتہ دنوں جنوبی کوریا کی پارلیمنٹ سے اپنے خطاب میں ٹرمپ نے شمالی کوریا کو خبردار کیا تھا کہ وہ امریکہ کی طاقت کو نظر انداز نہ کرے ۔

TOPPOPULARRECENT