Wednesday , June 20 2018
Home / دنیا / ٹرمپ ۔ کم ملاقات اور سمجھوتہ ‘ اہم سنگ میل : سکریٹری جنرل اقوام متحدہ

ٹرمپ ۔ کم ملاقات اور سمجھوتہ ‘ اہم سنگ میل : سکریٹری جنرل اقوام متحدہ

اقوام متحدہ 12 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گواٹیریس نے آج صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ ان کی ملاقات اور ان کے مابین ایک معاہدہ کے طئے پانے کو اہم سنگ میل قرار دیا ہے ۔ انہوں نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ جزیرہ نما کوریا کو نیوکلئیر ہتھیارو ں سے مکمل پاک بنانے کی کوششوں میں مدد کریں۔ سنگاپور میں تاریخی چوٹی ملاقات کے بعد کم جونگ ان نے عہد کیا کہ وہ جزیرہ نما کوریا کو نیوکلئیر ہتھیارو ں سے مکمل پاک بنانے کی جدوجہد کرینگے ۔ وہ چاہتے ہیں کہ اس کے عوض میں امریکہ شمالی کوریا کو سلامتی کی ضمانت دے ۔ سمجھا جارہا ہے کہ اس چوٹی ملاقات کے بعد علاقہ میںکشیدگی کم ہوگی اور امن کے قیام کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔ گواٹیریس کے ترجمان نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے اس چوٹی ملاقات کا خیر مقدم کیا ہے اور قیام امن کی کوششوں کے آگے بڑھنے کو انہوں نے اہم سنگ میل قرار دیا ہے ۔ سکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے تاہم خبردار بھی کیا کہ مستقبل میں دونوں ہی ملکوں کو ایک دوسرے سے تعاون کرنا ہوگا ‘ سمجھوتے کرنے ہونگے اور مشترکہ کاز کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہوگی ۔

TOPPOPULARRECENT