Monday , November 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / ٹریسکوتھک کی سنچری‘پاکستان ٹور میچ ڈرا

ٹریسکوتھک کی سنچری‘پاکستان ٹور میچ ڈرا

ٹانٹن۔6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی کرکٹ ٹیم کا انگلینڈ کے دورے پر انگلش کاؤنٹی سمرسٹ کیخلاف ٹور مقابلہ اس وقت کسی نتیجہ کے بغیر ختم ہو گیا جب انگلش کاؤنٹی 468 رنز کے مشکل ہدف کے جواب میں آٹھ وکٹوں پر 258 رنز بنا سکی۔ انگلش ٹیم کے سابق اوپنر مارکس تھریسکوتھک نے 106رنز بنا کر میچ بچا لیا۔  تین روزہ میچ کے آخری دن پاکستانی ٹیم نے اپنی دوسری نامکمل اننگز چار وکٹوں پر 140 رنز کے ساتھ دوبارہ شروع کی تو دونوں ناٹ آؤٹ بیٹسمینوں اظہرعلی اور اسد شفیق نے اپنی عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا ۔ اظہر علی نے اپنی سنچری  168گیندوں  پر مکمل کی اور اسد شفیق بھی میچ میں دوسری نصف سنچری کا مرحلہ پار کر گئے۔ دونوں بیٹسمینوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 138 رنز کا اضافہ کر کے مجموعی اسکور چار وکٹوں پر 236 رنز تک پہنچایا تو مصباح الحق نے اننگز ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔اظہر علی نے 101 ناٹ آؤٹ رنز میں بارہ چوکے اور دو چھکے لگائے

جبکہ اسد شفیق نے ناقابل شکست 69رنز کو نو چوکوں سے لگائے۔میزبان ٹیم نے 468 رنز کا ہمالیائی نشانہ ملنے کے بعد اپنی دوسری اننگز شروع کی تو ایڈم ہوز صرف آٹھ رنز پر آوٹ ہوئے لیکن مارکس ٹریسکوتھک نے 41 رنز بنانے والے ٹم روز کے ساتھ 98 رنز جوڑ کر اننگز کو سنبھال لیا۔ تجربہ کار بیٹسمین نے 48 رنز بنانے والے جیمز ہلڈریتھ کے ساتھ بھی اسکور کو 183 تک پہنچایا اور اپنی سنچری مکمل کرنے کے بعد 19  چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 106رنز بنا کر راحت علی کا شکار بنے جس کے بعد پاکستانی بولروں نے کھیل پر قاپو پالیا اور ڈومینک بیس کے سوا کوئی کھلاڑی پاکستانی بولنگ کا مقابلہ نہیں کر سکا جنہوں نے 21 رنز بنائے۔ پاکستانی بولرس سمرسٹ کے اختتامی کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کی کوشش کرتے رہے لیکن انہیں کامیابی نہ مل سکی اور آٹھ وکٹوں پر 258 رنز بنا کر سمرسٹ نے میچ ڈرا کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ۔

TOPPOPULARRECENT