Wednesday , May 23 2018
Home / شہر کی خبریں / ٹریفک قوانین پر عمل آوری کے لیے شعور بیداری پروگرامس

ٹریفک قوانین پر عمل آوری کے لیے شعور بیداری پروگرامس

اڈیشنل ڈی سی پی محمد تاج الدین کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ /8 نومبر (سیاست نیوز) پرانے شہر میں ٹریفک کے بہاؤ کو باقاعدہ بنانے اور ٹریفک قوانین پر عمل آوری کیلئے مختلف اقدامات کرنے کی غرض سے خصوصی شعور بیداری پروگرامس کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس ٹریفک مسٹر محمد تاج الدین نے اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرانے شہر میں ٹریفک کے مختلف مسائل کو حل کرنے کیلئے عوام کا تعاون بے حد ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ساؤتھ زون اور ایسٹ زون میں موجود ٹریفک کے مختلف مسائل کا جائزہ لیا گیا ہے جس میں فلک نما برج پر ٹریفک جام کے مسئلہ کو اولین ترجیح دی جارہی ہے اور اس ضمن میں متعلقہ جی ایچ ایم سی اور ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے اور ایک نئے برج کی تعمیر یا موجودہ برج کی توسیع کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ مسٹر تاج الدین نے کہا ہے کہ علاقہ حافظ بابا نگر ، بنڈلہ گوڑہ ، شاہ علی بنڈہ ، حسن نگر ، کشن باغ ، اعظم پورہ برج ، گولکنڈہ دروازہ کے قریب ہوم گارڈس اور پولیس کانسٹبلس کو متعین کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسکولس اور کالجس کے قریب طلبہ کو سڑک عبور کرنے میں مدد کرنے کیلئے بھی پولیس ملازمین متعین کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں اور کم عمر نوجوانوں کی جانب سے گاڑی چلانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک پولیس کا تعاون کریں تاکہ پرانے شہر میں ٹریفک کے بہاؤ کو وہ مزید بہتر بنایا جاسکے ۔

TOPPOPULARRECENT