Monday , September 24 2018
Home / ہندوستان / ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر لائسنس کی تنسیخ

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر لائسنس کی تنسیخ

مرکزی حکومت موٹر وہیکلس بل کی تیاری میں مصروف : گڈکری

مرکزی حکومت موٹر وہیکلس بل کی تیاری میں مصروف : گڈکری
نئی دہلی 5 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ٹریفک قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں کے نتیجہ میں ڈرائیونگ لائسنس کو منسوخ بھی کیا جاسکتا ہے ۔ اس سلسلہ میں مرکزی حکومت کی جانب سے موٹر وہیکلس ( ترمیمی ) بل تیار کیا جارہا ہے جس کی پارلیمنٹ میں منظوری کے بعد ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل آوری کو یقینی بنایا جائیگا ۔ مرکزی وزیر حمل و نقل ‘ ہائی ویز اور شپنگ مسٹر نتن گڈکری نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کی جانب سے اگر کوئی شخص ٹریفک قوانین کی تین مرتبہ خلاف ورزی کرتا ہے تو اس کے ڈرائیونگ لائسنس کو چھ ماہ کیلئے معطل کیا جائیگا اور اگر پھر بھی وہ خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رکھتا ہے تو ڈرائیونگ لائسنس کو منسوخ بھی کیا جائیگا ۔ مرکز کی جانب سے جو موٹر وہیکلس بل تیار کیا جارہا ہے اس میں یہ تجاویز غور کیلئے پیش کی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ دو دن قبل ہی مرکزی وزیر برائے دہی ترقیات مسٹر گوپی ناتھ منڈے نئی دہلی میں ایک سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگئے تھے ۔ اس کے دو دن بعد اب مسٹر گڈکری نے یہ بات بتائی ۔ ہندوستان میں سال 2013 کے دوران جملہ 4.9 لاکھ سڑک حادثات ہوئے ہیں جن میں 1.38 لاکھ اموات ہوئی ہیں۔ علاوہ ازیں 5.09 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ مسٹر گڈکری نے کہا کہ جیسے ہی نیا قانون نافذ العمل ہوجائیگا سڑک حادثات اور اموات کی تعداد میں بڑی حد تک کمی آجائیگی ۔ نئے بل میں امکان ہے کہ تمام ٹریفک سگنلس پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اور ڈاٹا کو مرکوز کرنے جیسے تجاویز بھی شامل کی جائیں گی تاکہ ڈرائیونگ لائسنس کے بیجا استعمال کو روکا جاسکے ۔ مسٹر گڈکری نے کہا کہ ہم ایک ماہ کے وقت میں موٹر وہیکلس ترمیمی بل تیار کرلیں گے ۔ اس سلسلہ میں جاپان ‘ امریکہ ‘ کناڈا ‘ سنگاپور ‘ جرمنی اور برطانیہ کے قوانین کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT