Wednesday , October 17 2018
Home / شہر کی خبریں / ٹریفک پولیس کے چالانات پر اظہار تشویش

ٹریفک پولیس کے چالانات پر اظہار تشویش

سید عزیز پاشاہ کی جائنٹ کمشنر ٹریفک وی رویندر سے نمائندگی
حیدرآباد۔7مارچ(سیاست نیوز)سینئر کمیونسٹ قائد وسابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا جناب سید عزیز پاشاہ کی زیرقیادت ایک وفد نے جوائنٹ کمشنر ٹریفک ڈاکٹر وی رویندر سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ٹریفک پولیس عملے کی زیادتیوں کے خلاف ایک یادواشت پیش کی۔ اس موقع پر شہر کے مضافاتی علاقوں میںچلائے جانے والے تین پہیوں کے شیرنگ آٹوز پر عائد کئے جانے والے من مانی چالانات اور آٹوڈرائیورس کے ساتھ پولیس کے رویہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جناب سید عزیز پاشاہ نے جوائنٹ کمشنر سے کہاکہ چالانات کی ادائیگی کے باوجود دوتین ماہ تک آٹوز تحویل میںرکھے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھاری چالانات کے سبب آٹوڈرائیورس کی زندگی دوبھر ہوگئی ہے جبکہ ٹریفک پولیس عملے کی ہراسانی کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تین پہیوں والے شیرنگ آٹوز پر پابندیاں عائد کی جارہی ہیںجبکہ ہزاروں لوگوں کا ذریعہ معاش اس سے جڑا ہوا ہے۔ بہت سارے خاندانوں کا گذر بسر اسی پر منحصر ہے۔ انہو ںنے نمائندگی کے دوران کہاکہ اگر کوئی قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس کیساتھ کاروائی کی جانی چاہئے مگر قانون کے دائرے میںرہ کر محنت مزدوری کرنے والے ڈرائیورس کے ساتھ امتیازی سلوک قابل افسوس ہے ۔ وفد نے یادواشت میںزیر تحویل آٹوز کو فی الفور ریلیز اور غیرمعمولی چالانات سے دستبرداری اختیار کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ جوائنٹ کمشنر مسٹر وی رویندر نے تیقن دیا کہ وہ معاملے کی جانچ کے بعد خاطیوں کے خلاف سخت کاروائی کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT