ٹرین حادثات میں 3 افراد بشمول 2 خواتین ہلاک

حیدرآباد /15 جنوری ( سیاست نیوز ) شہر میں پیش آئے ٹرین حادثات میں تین افراد بشمول دو خواتین ہلاک ہوگئیں تاہم ان میں ایک کی شناخت نہیں ہوپائی ہے ۔ یہ علحدہ واقعات کاچی گوڑہ ریلوے پولیس حدود میں پیش آئے۔ ریلوے پولیس کاچی گوڑہ کے مطابق 26 سالہ شرونتی جو بوڈاپل علاقہ کے ساکن کے شیواکمار کی بیٹی تھی ۔ یہ لڑکی پیشہ سے ٹیلرنگ کیا کرتی تھی ۔ کل جامعہ عثمانیہ اور ودیا نگر کے درمیان ریلوے لائین کو عبور کرنے کی کوشش میں ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگئی ۔ جبکہ دوسرے حادثہ میں جو کاچی گوڑہ ریلوے بکنگ کاونٹر کے قریب پیش آیا ایک ضعیف خاتون 65 سالہ مہالکشمی جو ملک پیٹ ہاوزنگ بورڈ علاقہ کے ساکن مورتی کی بیوی تھی ۔ کل سنکرانتی کے موقع پر ضلع کرشنا سے حیدرآباد آئی تھی اور ریلوے بکنگ کاونٹر کے قریب یہ ضعیف خاتون ٹرین کے دھکہ سے شدید زخمی ہوگئی تھی جو علاج کے دوران فوت ہوگئی ۔ کاچی گوڑہ ریلوے پولیس کے مطابق ایک 65 سالہ شخص جس کی شناخت نہیں ہو پائی ہے کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹریوں کو عبور کرنے کے دوران ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ ریلوے پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔

TOPPOPULARRECENT