Tuesday , January 16 2018
Home / شہر کی خبریں / ٹرین ۔ بس تصادم : 11 طلبا کی حالت ہنوز تشویشناک

ٹرین ۔ بس تصادم : 11 طلبا کی حالت ہنوز تشویشناک

سات طلبا مصنوعی تنفس پر ۔ ضلع انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے تحقیقات کا آغاز

سات طلبا مصنوعی تنفس پر ۔ ضلع انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے تحقیقات کا آغاز
حیدرآباد 25 جولائی ( پی ٹی آئی ) میدک ضلع کے ماسائی پیٹ میں کل پیش آئے ٹرین ۔ بس حادثہ میں زخمی ہونے والے 11 طلبا کی حالت ہنوز تشویشناک ہے جبکہ ضلع انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے اس حادثہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ تلنگانہ کے وزیر صحت مسٹر ٹی راجیا نے جو ڈپٹی چیف منسٹر بھی ہیں سکندرآباد میں ایک خانگی دواخانہ کا دورہ کیا جہاں حادثہ میں زخمی ہونے والے 20 طلبا زیر علاج ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چار طلبا کی حالت بہت تشویشناک ہے جبکہ سات دوسرے وینٹیلیٹر پر رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نو طالب علم خطرہ سے باہر ہیں۔ کل پیش آئے حادثہ میں طلبا کے علاوہ بس ڈرائیور اور کلینر بھی ہلاک ہوگئے تھے ۔ اس حادثہ میں 20 طلبا زخمی ہوگئے تھے ۔ کہا گیا ہے کہ اس بس کا باقاعدہ ڈرائیور رخصت پر تھا اور کوئی دوسرا ڈرائیور بس چلا رہا تھا ۔ حادثہ میں ہلاک اور زخمی ہونے والے طلبا کی عمریں 5 سے 15 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ انہیں مختلف مقامات سے بس میں سوار کرکے بس اسکول کو جارہی تھی کہ یہ حادثہ پیش آیا تھا ۔ ریاست کے وزیر مال محمد محمود علی نے بھی دواخانہ کا دورہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کو چاہئے کہ وہ تلنگانہ میں سارے مقامات پر بے پہرہ ریلوے کراسنگس پر ضروری اقدامات کرنے اور گیٹس نصب کرنے کیلئے کارروائی کا آغاز کرے ۔ میدک کے انچارچ ضلع کلکٹر اے شرت کے احکام کے مطابق ڈرائیور کے لائسنساور دیگر تفصیلات وغیرہ اسکول سے حاصل کرکے اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ اور اس حادثہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ پولیس اپنے طور پر بھی تحقیقات کر رہی ہے ۔ ضلع سپرنٹنڈنٹ پولیس ایس باجپائی نے بتایا کہ ہم دستاویزات اور ریکارڈز وغیرہ حاصل کر رہے ہیں اور ان کا جائزہ لینے کے بعد ایک رپورٹ تیار کی جائیگی ۔ یہ قانونی رائے بھی حاصل کی جائیگی کہ آیا قوانین کی خلاف ورزی تو نہیں کی گئی ہے ۔ ہم اسکول انتظامیہ کے خلاف بھی ایک مقدمہ درج کرینگے ۔ نعشوں کے پوسٹ مارٹم کے بعد آخری رسومات کل رات ہی ادا کردی گئیں۔ بیشتر مہلوکین کا توپران منڈل سے تعلق بتایا گیا ہے ۔ سرکاری ریلوے پولیس کی جانب سے پہلے ہی ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ اس دوران محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں نے آج حیدرآباد شہر اور ساری ریاست میں اسکولی بسوں کے معائنہ اور چیک اپ کا کام شروع کردیا گیا ہے ۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر آج کچھ بسوں کو ضبط کرلیا گیا ہے ۔ ٹرانسپورٹ محکمہ کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ علاوہ ازیں ریاستی حقوق انسانی کمیشن میں ایک درخواست دائر کرتے ہوئے استدعا کی گئی ہے کہ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کو سارے تلنگانہ میں بے پہرہ ریلوے کراسنگس پر گیٹ نصب کرنے کی ہدایت دی جائے ۔ کہا گیا ہے کہ ریلوے کی لاپرواہی سے حادثات ہو رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT