ٹرین ۔ بس حادثہ ‘ تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل

بے پہرہ ریلوے کراسنگس پر گیٹس کی جلد تنصیب کی ہدایت

بے پہرہ ریلوے کراسنگس پر گیٹس کی جلد تنصیب کی ہدایت
حیدرآباد 25 جولائی ( پی ٹی آئی ) ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے میدک کے ماسائی پیٹ میں پیش آئے ٹرین ۔ بس حادثہ کی تحقیقات کیلئے ایک سہ رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے ۔ یہ کمیٹی حادثہ کی وجوہات کا جائزہ لے گی جو ماسائی پیٹ میں ایک بے پہرہ ریلوے کراسنگ پر پیش آیا تھا ۔ اس حادثہ میں اسکولی بچے ‘ بس ڈرائیور اور اس کا کلینر ہلاک ہوگئے تھے ۔ آج جاری کردہ ایک اعلامیہ میں ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے جنرل مینیجر کے پی سریواستو نے اپنے علاقہ میں بے پہرہ ریلوے کراسنگ کو ختم کرنے کیلئے جاری کام کا جائزہ لیا ۔ کہا گیا ہے کہ ایک مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی تین سینئر عہدیداروں پر مشتمل تشکیل دی گئی ہے تاکہ کل پیش آئے حادثہ کی تحقیقات کی جائیں ۔ اعلامیہ کے بموجب کمیٹی میں سینئر ڈویژنل سیفٹی آفیسر ‘ سینئر ڈویژنل میکانیکل انجینئر اور سینئر ڈویژنل انجینئر ( لائینس ) حیدرآباد ڈویژن شامل ہیں۔ جنرل مینیجر نے کہا کہ بے پہرہ ریلوے کراسنگس کو ختم کرنے کے کام کوتیزی سے مکمل کرنے کی ضرورت ہے اور خاص طور پر ان مقامات پر توجہ کی جانی چاہئے جہاں گیٹس کی تنصیب کیلئے انفرا اسٹرکچر پہلے ہی نصب کردیا گیا ہے ۔ جن مقامات پر کام تقریبا مکمل ہے اسے جلد مکمل کرنے پر توجہ دی جانی چاہئے اور تقریبا ایک ہفتے میں یہ کام مکمل کرنے کے تعلق سے عہدیداروں کو ہدایت دیدی گئی ہے ۔ اعلامیہ کے بموجب ماسائی پیٹ کے مقام پر بھی ریلوے کراسنگ پر گیٹ نصب کرنے کے تعلق سے اقدامات شروع کردئے گئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT