Monday , December 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / ٹسٹ، او ڈی آئی سلیکشن کیلئے آئی پی ایل کوئی کسوٹی نہیں : ظہیر خان

ٹسٹ، او ڈی آئی سلیکشن کیلئے آئی پی ایل کوئی کسوٹی نہیں : ظہیر خان

’’آشیش نہرا کی ٹیم میں واپسی نے مجھے حوصلہ دیا‘‘

نئی دہلی ، 6 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انڈیا کے سابق فاسٹ بولر ظہیر خان کا تاثر ہے کہ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کو ٹسٹ اور ونڈے انٹرنیشنل کیلئے بولروں کو منتخب کرنے کے معاملے میں کوئی کسوٹی کے طور پر نہیں دیکھنا چاہئے کیوں کہ اُن کیلئے مختلف نوعیت کا ہنر درکار ہوتا ہے۔ 37 سالہ ظہیر جو 311 ٹسٹ اور 282 او ڈی آئی وکٹوں کے حامل ہیں، انھوں نے کہا کہ بولروں کا انتخاب حالات اور حریفوں کی مطابقت میں ہونا چاہئے۔ ’’میری رائے میں یہ کام (سلیکشن) فارمٹ کے اعتبار سے ہونا چاہئے۔ T20 طرز کی کرکٹ او ڈی آئی فارمٹ سے بہت مختلف ہے اور اسی طرح او ڈی آئی کا ٹسٹ میچوں سے کوئی تقابل نہیں۔ میں سمجھتا ہوں جب آپ کھلاڑیوں کو ٹی ٹوئنٹی فارمٹ کی بنیاد پر دیکھتے ہو تو اس کی اساس صرف T20 پرفارمنس ہی ہونا چاہئے۔‘‘ ظہیر اپنا قطعی آئی پی ایل سیزن اس سال دہلی ڈیرڈیولس کیلئے کھیلیں گے۔ ریورس سوئنگ بولنگ کے عمدہ بولروں میں شامل ظہیر نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میچ میں چار اوورز پھینکنا کسی ٹسٹ میں ’18 اوورز فی یوم‘ بولنگ کرنے سے بالکلیہ مختلف ہوتا ہے۔ ظہیر نے جنھیں انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ کر زیادہ عرصہ نہیں گزرا، انھوں نے آشیش نہرا کی ٹیم انڈیا میں واپسی اور شاندار مظاہروں کو سراہا اور اعتراف کیا کہ انھیںویٹرن پیس بولر سے حوصلہ ملا اور وہ مسابقتی کرکٹ کیلئے ٹریننگ کی طرف واپس ہوئے۔ ظہیر کو ڈیرڈیولس نے اس مرتبہ کپتان بنایا ہے جبکہ گزشتہ سال جنوبی افریقی جے پی ڈومینی کی قیادت میں دہلی ٹیم نے آئی پی ایل 8 میں خاصا مایوس کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT