Monday , December 11 2017
Home / کھیل کی خبریں / ٹسٹ ٹیم میں اشون اور جڈیجہ کی واپسی متوقع

ٹسٹ ٹیم میں اشون اور جڈیجہ کی واپسی متوقع

نیوزی لینڈ اور سری لنکا کیخلاف مقابلوں سے قبل کوہلی پر بھاری بوجھ کو کم کرنے ٹیم سلیکٹرس کی توجہ
ممبئی ۔ /22 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ۔ 20 اور سری لنکا کے خلاف ٹسٹ سیریز کے ضمن میں ہندوستانی سلیکٹرس اپنی ٹیموں کے انتخاب سے قبل کپتان ویراٹ کوہلی پر پڑنے والے بھاری بوجھ پر تفصیلی تبادلہ کریں گے ۔ جبکہ روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ کی واپسی متوقع ہے ۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ہندوستان نئی دہلی (یکم / نومبر) ، راجکوٹ (نومبر 4 ) اور تھرواننتاپورم (7 نومبر) میں تین ونڈے میچ کھیلے گا ۔ سری لنکا کے خلاف تین ٹسٹ میچوں کی سیریز /16 نومبر سے شروع ہوگی ۔ انگلینڈ میں منعقدہ چمپئین ٹروفی کے بعد ہندوستانی ٹیم مسلسل کھیل میں مصروف ہے اور ٹیم انتظامیہ نے اپنے کھلاڑیوں کو تھکن سے بچانے کیلئے باری باری سے موقع دینے کی پالیسی اختیار کیا ہے ۔ تاہم ایک ایسا کھلاڑی بھی ہے جو مسلسل تمام فارمیٹس میں مسلسل کھیل رہا ہے وہ کوئی اور نہیں بلکہ کپتان ویراٹ کوہلی ہی ہیں ۔ اس بات کو ملحوظ رکھتے ہوئے کہ کوہلی نیوزی لینڈکے خلاف تمام تین میچوں میں کھیلیں گے اور جب یہ سیریز ختم ہوگی تو اس کے ساتھ ہی سری لنکا کے خلاف تین ٹسٹ میچوں کی سیریز شروع ہوگی اور کوہلی کو ان میچوں میں بھی کھیلنا ہوگا ۔ سری لنکا کے خلاف ٹسٹ سیریز کو ملحوظ رکھتے ہوئے کوہلی کو اگر تین ٹی ۔ 20 میچوں میں چھوڑدیا جاتا ہے تو توقع ہے کہ روہت شرما قومی ٹیم کی قیادت کریں گے ۔ تاہم کوہلی اگر نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ۔ 20 سیریز میں حصہ لیتے ہیں تو یقین کے ساتھ یہ سمجھا جاسکتا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سخت مقابلوں کے آغاز سے قبل انہیں سری لنکا کے خلاف محدود اوورس کی سیریز میں آرام دیا جائے گا ۔اشون اور جڈیجہ کو سری لنکا ، آسٹریلیا اور اب نیوزی لینڈ کے خلاف محدود اوورس کی تین سیریز میں لگاتار نظر انداز کرنے کے بعد غالباً اب ٹسٹ ٹیم میں شامل کیا جائے گا ۔ محمد سمیع اور اومیش یادو کی ٹسٹ اسکواڈ میں شمولیت متوقع ہے ۔ سمیع بنگال کے لئے دو کھیلوں میں 10 وکٹ لیتے ہوئے اچھے فام کا مظاہرہ کرچکے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT