Wednesday , November 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / ٹسٹ کرکٹ میں 100 چھکے ، میکلم دوسرے بیٹسمن بنے!

ٹسٹ کرکٹ میں 100 چھکے ، میکلم دوسرے بیٹسمن بنے!

لاہور ، 15 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ونڈے کرکٹ میں چھکوں اور چوکوں کی برسات تو ہوتی رہتی ہے لیکن ٹسٹ کرکٹ میں ایسی تیزی بہت کم نظر نہیں آتی ہے۔ اس فارمٹ میں کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے اصل جوہر دکھا کر شائقین کرکٹ سے داد وصول کرتے ہیں۔ ونڈے اور ٹی 20 کرکٹ میں کئی کھلاڑی چھکے مارنے کی سنچری پوری کر چکے ہیں۔ تاہم شائقین کرکٹ کیلئے یہ حیرانگی کی بات ہوگی کہ ٹسٹ کرکٹ میں ابھی تک صرف دو کھلاڑیوں کو کریئر میں 100 چھکے مارنے کا اعزاز حاصل ہوا ۔ آسٹریلیا کے سابق وکٹ کیپر آڈم گلکرسٹ 100 چھکے لگا کر ٹسٹ کریئر میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹسٹ کریئر کے دوران 677 چوکے بھی لگائے۔ نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میکلم ٹسٹ کرکٹ کی 139 سالہ تاریخ میں ٹسٹ میچوں میں چھکوں کی سنچری مکمل کرنے والے دوسرے بیٹسمن بن گئے ہیں۔ انھوں نے سری لنکا کے خلاف ڈونیڈن میں حالیہ پہلے ٹسٹ کی دوسری اننگز میں 2 چھکے مارے۔ دوسرا چھکا اُن کے کریئر کا 100واں چھکا تھا۔ یہ اُن کا 98 واں ٹسٹ ہوا۔ ممکنہ طور پر تیسرے کرکٹر ویسٹ انڈیز کے کرس گیل ہو سکتے ہیں جو اِن دنوں نیشنل ٹیم کیلئے کم بلکہ دنیا بھر میں ٹی ٹونٹی میچوں میں زیادہ متحرک نظر آتے ہیں۔ گیل 103 ٹسٹ میں 89 چھکے لگا چکے ہیں۔ ریکارڈ کے مطابق گللکرسٹ اور برینڈن کے بعد چھکے مارنے والے ٹاپ ٹین کھلاڑیوں میں جنوبی افریقہ کے ژاک کیلس 97 چھکے مار کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے 1469 چوکے بھی لگائے۔ ہندوستان کے ویریندر سہواگ 91 چھکوں اور 1233 چوکوں کے ساتھ تیسرے، ویسٹ انڈیز کے کرس گیل 89 چھکوں اور 992 چوکوں کے ساتھ چوتھے، ویسٹ انڈیز کے برائن لارا 88 چھکوں اور 1559 چوکوں کے ساتھ 5ویں، نیوزی لینڈ کے کرس کینس 87 چھکوں اور 365 چوکوں کے ساتھ چھٹے، ویسٹ انڈیز کے ویوین رچرڈز 84 چھکوں اور 952 چوکوں کے ساتھ 7ویں، انگلینڈ کے اینڈریو فلنٹاف 82 چھکوں اور 513 چوکوں کے ساتھ 8ویں، آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن 82 چھکوں اور 1049 چوکوں کے ساتھ 9ویں اور انگلینڈ کے کیون پیٹرسن 76 چھکوں اور 960 چوکوں کیساتھ 10ویں نمبر پرہیں۔

TOPPOPULARRECENT