Tuesday , January 16 2018
Home / شہر کی خبریں / ٹولی مسجد اوقافی اراضی پر ناجائز قبضہ

ٹولی مسجد اوقافی اراضی پر ناجائز قبضہ

پولیس میں شکایت درج ، خانگی کمپنی کے وینچر کا بورڈ بھی نصب

پولیس میں شکایت درج ، خانگی کمپنی کے وینچر کا بورڈ بھی نصب
حیدرآباد۔/11نومبر، ( سیاست نیوز) وقف بورڈ نے کاروان میں واقع ٹولی مسجد سے متصل اوقافی اراضی پر ناجائز قابضین کے خلاف کارروائی کیلئے پولیس کلثوم پورہ میں شکایت درج کی ہے۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ نے اسٹیشن ہاوز آفیسر کلثوم پورہ کو تحریری شکایت میں غیر مجاز قابضین کے خلاف وقف ایکٹ کی دفعہ 52/A کے تحت کارروائی کی خواہش کی ہے۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ ٹاسک فورس آفیسر، سرویئر اور انسپکٹر آڈیٹر وقف نے اوقافی اراضی کا جائزہ لینے کے بعد رپورٹ پیش کی جس میں بتایا گیا ہے کہ ایک خانگی ادارہ نے نہ صرف اس اراضی پر قبضہ کیا بلکہ وینچر کے آغاز سے متعلق بورڈ بھی آویزاں کردیا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ٹولی مسجد واقع کاروان اوقافی اراضی ہے اور شیخ حمید نامی شخص نے تقریباً ایک ایکر اراضی پر قبضہ کرلیا اور اپنے وینچر کا بورڈ آویزاں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وقف ٹریبونل اور ہائی کورٹ نے اس معاملہ میں جوں کا توں موقف برقرار رکھنے کی ہدایت دی تھی لیکن احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیر کا آغاز کردیا گیا ہے جو ہائی کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر نے غیر مجاز قابض کے خلاف وقف ایکٹ 2013 اور آئی پی سی دفعات کے تحت مقدمات درج کرنے اور اراضی کے تحفظ کی درخواست کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT