Thursday , November 23 2017
Home / Top Stories / ٹولی چوکی فلاحی اوور پر خوفناک حادثہ، نوجوان ہلاک

ٹولی چوکی فلاحی اوور پر خوفناک حادثہ، نوجوان ہلاک

اسپورٹس موٹر بائیک کو برق رفتاری سے چلانے کا نتیجہ، سنتوش نگر پھسل بنڈہ پر لاری نے ایک نوجوان کو روند ڈالا

حیدرآباد 15 اگسٹ (سیاست نیوز) شہر میں پیش آئے المناک سڑک حادثات میں دو نوجوان برسر موقع ہلاک ہوگئے۔ پہلا حادثہ ٹولی چوکی فلائی اوور پر آج اُس وقت پیش آیا جب دو نوجوان اسپورٹس موٹر بائیک کو برق رفتاری چلاتے ہوئے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئے۔ تفصیلات کے مطابق 25 سالہ سید ریحان ساکن افضل ساگر جو ہائی ٹیک سٹی میں ملازمت کرتا تھا، اپنے دوست عمار ساکن افضل ساگر کے ہمراہ 1200cc اسپورٹس بائیک پر آج سہ پہر 3.30 بجے ٹولی چوکی فلائی اوور سے تیز رفتاری سے گزر رہا تھا کہ اچانک حادثہ کا شکار ہوگیا۔ اِس حادثہ میں سید ریحان الدین برسر موقع ہلاک ہوگیا جبکہ عمار شدید زخمی ہوگیا۔ سب انسپکٹر لنگرحوض مسٹر ایم رویندر نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ مہلوک نوجوان اپنی اسپورٹس بائیک کو برق رفتاری سے چلا رہا تھا۔ زخمی نوجوان کو خانگی دواخانے میں شریک کیا گیا ہے اور اُس کے بیان پر ہی مزید تفصیلات معلوم ہوسکتی ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ دونوں نوجوانوں نے مدھیہ پردیش سے اسپورٹس موٹر بائیک حاصل کی تھی۔ پولیس لنگرحوض نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور مہلوک نوجوان کی نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا۔ اِسی قسم کے ایک اور سڑک حادثہ میں نامعلوم نوجوان کو تیز رفتار لاری نے سنتوش نگر پھسل بنڈہ چوراہے پر روند دیا جس کے نتیجہ میں اُس کی برسر موقع موت واقع ہوگئی۔ پولیس کے بموجب آج صبح جینس پینٹ اور چاکلیٹی شرٹ میں ملبوس ایک نوجوان حافظ کیفے کے روبرو سڑک عبور کررہا تھا کہ چندرائن گٹہ سے ڈی ایم آر ایل کی سمت آنے والی تیز رفتار لاری نے اُسے ٹکر دے دی اور اُسے کچھ فاصلے پر گھسیٹتے ہوئے لے گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ لاری ڈرائیور نے سڑک عبور کرنے والے نوجوان کو نہیں دیکھا جس کے نتیجہ میں وہ لاری کی زد میں آگیا اور اُس کی موت واقع ہوگئی۔ پولیس نے لاری ڈرائیور کے خلاف لاپرواہی کا ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہے۔

TOPPOPULARRECENT