Friday , November 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / ٹوکیو اولمپک 2020 کا نیا لوگو متعارف

ٹوکیو اولمپک 2020 کا نیا لوگو متعارف

ٹوکیو۔26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ٹوکیو 2020 اولمپک کی انتظامیہ نے ابتدائی طورپر پیش کردہ لوگو کو سرقہ قراردے کر مسترد کئے جانے کے   8 ماہ بعد’سانپ کی آنکھ’ سے مماثلت رکھنے والا نیا لوگو متعارف کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جاپان کی اولمپک کی انتظامیہ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ نیا اولمپک لوگو کو روایتی انداز میں سانپ کی آنکھ سے تشبہہ دی گئی ہے جبکہ پیرالمپک کے لوگو میں جاگیردارانہ وارلارڈز کی نشاندہی کی گئی ہے۔ قبل ازیں انتظامیہ کو گزشتہ سال پیش کردہ لوگو کو اس وقت واپس لینا پڑا تھا جب جاپانی ڈیزائنرکینجیرو سانو کے تیار کردہ لوگو پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ یہ لوگو بیلجیم کے ایک شہر میں واقع ایک تھیٹر کا لوگو جس کی ڈیزائننگ اولیور ڈیبی نے کی تھی، سے ملتا جلتا ہے تاہم سانو نے الزامات کو رد کردیا تھا۔ ٹوکیو کمیٹی کے سربراہ ریوہی میاٹا نے کہا کہ  یہ ایک مشکل کام تھا لیکن اب ہم نیا لوگو بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ جاپان اس کو ایسے نومولود بچے کی طرح پیار دے گا۔جاپانی انتظامیہ کو اسکول کے بچوں سمیت 14 ہزار 600 تجاویز آئی تھیں جس میں مختلف رنگوں سے اولمپک 2020 کے لوگو کو ترتیب دیا گیا تھا۔ میا ٹا نے مزید کہا کہ نئے لوگو پر میرا دل دھڑک رہا ہے، میں تقریباً افسردہ بھی ہوں کیونکہ یہ سلسلہ ختم ہوگیا ہے۔ اولمپک 2020 کا انعقاد جاپان کے شہر ٹوکیو میں ہوگا جو 24 جولائی کو شروع ہو کر 9 اگست کو اختتام پذیر ہوں گے۔

TOPPOPULARRECENT