Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹھیلہ بنڈی رانوں کو قانونی دائرہ کار میں لانے کا فیصلہ

ٹھیلہ بنڈی رانوں کو قانونی دائرہ کار میں لانے کا فیصلہ

لائسنسوں کی اجرائی اور آمدنی میں اضافہ کی تجویز ، بلدیہ کا سروے مکمل
حیدرآباد۔20مئی (سیاست نیوز) حیدرآباد میں ٹھیلہ بنڈی رانوں کو لائسنس جاری کرتے ہوئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی آمدنی میں اضافہ کے اقدامات کئے جائیں گے اور انہیں قانونی دائرہ کار میں لایا جائے گا۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے تیار کئے جا رہے اس منصوبہ کے متعلق بتایا جاتا ہے کہ شہر کے مصروف ترین علاقوں میں جاری ٹھیلہ بنڈی پر تجارتی عمل کو باضابطہ بنانے کے لئے سروے مکمل کرلیا گیا ہے اور اس بات پر غور کیا جا رہا ہے کہ انہیں لائسنس جاری کرتے ہوئے مخصوص سڑکوں پر تجارتی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دی جائے۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹرکے ٹی راما راؤ نے اپنے ٹوئیٹر کے ذریعہ اس بات کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ٹھیلہ بنڈی رانوںکو معمول اور رشوت سے محفوظ رکھنے کے علاوہ سڑکوں پر بے قاعدہ ٹھیلہ بنڈیوں کے خاتمہ کیلئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور توقع ہے کہ بہت جلد مسئلہ کو حل کرلیا جائے گا وار اس سلسلہ میں پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے ٹھیلہ بنڈی رانوں کو لائسنس کی اجرائی عمل میں لاتے ہوئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی آمدنی میں اضافہ کے اقدامات کئے جائیں گے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر حیدرآباد میں ان بازاروں کا جہاں دن بھر گہما گہمی ہوا کرتی ہے سروے مکمل کرلیا گیا ہے اور اس سروے کے اساس پر ٹھیلہ بنڈی رانوں کو لائسنس کی اجرائی عمل میںلائی جائے گی اور لائسنس کی اجرائی کے لئے ان سے معمولی فیس مقرر کی جائے گی لیکن انہیں تجارتی سرگرمیوں کے دوران سڑکوںکو صاف ستھرا رکھنے کے علاوہ بے ہنگم سڑکوں پر کھڑا ہونے نہیں دیا جائے گا ایسی کسی بھی غلطی کی صورت میں ان تاجرین کے لائسنس منسوخ کئے جا سکتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ چند یوم کے دوران اس پالیسی کو قطعیت دیتے ہوئے ریاستی حکومت کو روانہ کیا جائے گا اور اگر حکومت کی جانب سے اس پالیسی کو منظوری حاصل ہوتی ہے تو ایسی صورت میں اس پر ماہ جولائی سے عمل آوری کو ممکن بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔حکومت کی جانب سے اس پالیسی میں کسی قسم کی ترمیم کی جاتی ہے توایسے میں اس پالیسی کو روبعمل لانے میں کچھ وقت درکار ہوگا لیکن کے ٹی راما راؤ ٹھیلہ بنڈی رانو ںکو لائسنس کی اجرائی کے منصوبہ کو جلد از جلد قطعیت دینے کی ہدایت جاری کر چکے ہیں اوراس مسئلہ پر محکمہ ٹریفک پولیس سے بھی مشاورت کا عمل جاری ہے ۔

TOPPOPULARRECENT