Friday , December 15 2017
Home / کھیل کی خبریں / ٹیلر ، معین اور عادل کے مظاہرہ پر انگلینڈ کامیاب

ٹیلر ، معین اور عادل کے مظاہرہ پر انگلینڈ کامیاب

تیسرے ونڈے میں آسٹریلیا کو 93 رنز سے واضح شکست ۔ کل چوتھا میچ
نیویارک ، 9 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) جیمس ٹیلر کی اولین ونڈے سنچری اور کچھ نپی تلی اسپین بولنگ نے انگلینڈ کو آسٹریلیا کے مقابل اولڈ ٹرافورڈ میں گزشتہ روز 93 رنز سے ہرادیا جس کے نتیجہ میں سیریز میں دلچسپی برقرار ہے ۔ آسٹریلیا جیت کیلئے 301 کے ٹارگٹ پر 207 پر آل آوٹ ہوگیا جبکہ اُن کی اننگز کے 6 اوورس باقی تھے ۔ اس ڈے ؍ نائیٹ میچ میں فتح کے نتیجہ میں ورلڈ چمپئنس کو پانچ میچ کی او ڈی آئی سیریز میں 3-0 کی ناقابل عبور سبقت حاصل ہوسکتی تھی ۔ لیکن اس کی بجائے انگلینڈ جو آسٹریلیا کے مقابل اپنے گزشتہ 12 ونڈے میچوں میں 11 ہارچکا تھا ، اس بار فاتح رہا جس کے نتیجہ میں آسٹریلیا کی سبقت 2-1 ہوگئی اور دو مقابلے باقی ہیں۔ اگلا میچ جمعہ کو ہیڈنگلے میں کھیلا جائے گا ۔ آف اسپنر معین علی (3/32 ) اور لیگ اسپنر عادل رشید (2/41) نے آپس میں پانچ وکٹیں بانٹ لئے جبکہ آل راؤنڈ ر معین کا یہ ونڈے کا بہترین مظاہرہ ہوا ۔ اوئن مورگن نے اس مرتبہ ٹاس جیت کر گزشتہ مقابلے کی غلطی نہیں کی اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ انگلش ٹیم 52 رنز کی ابتدائی پارٹنرشپ کا فائدہ اُٹھایا اور تین نمبر پر ٹیلر نے شاندار 101 رنز بنائے جبکہ خود کپتان مورگن نے بھی قابل لحاظ 62 رنز کا حصہ ادا کیا ۔ لوور آرڈر کی ناکامی کے باوجود میزبانوں نے 300/8 کا اچھا اسکور کھڑا کرلیا ۔ جوابی اننگز میں آسٹریلیا کی شروعات کچھ خاص نہیں ہوئی اور کوئی بھی ٹاپ آرڈر بیٹسمین بڑی اننگز نہیں کھیل پایا سوائے اوپنر آرن فنچ جنھوں نے 53 کا ٹاپ اسکور کیا۔ لوور آرڈر میں وکٹ کیپر میتھیو ویڈ نے 42 رنز بنائے ۔ ٹیلر کو میچ ایوارڈ دیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT