Thursday , November 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / ٹیم انڈیا کیخلاف شکست آفریدی کے چل چلاؤ کا آغاز

ٹیم انڈیا کیخلاف شکست آفریدی کے چل چلاؤ کا آغاز

ورلڈ ٹی 20 کے بعد معزولی پر بورڈ کا غور ، کوچ وقار یونس کو توسیع نہیں دی جائیگی، سلیکشن کمیٹی بھی برخاست ہوگی
کراچی۔ 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ورلڈ ٹوئنٹی۔20 میں ہندوستان کے خلاف شکست پاکستانی کپتان شاہد آفریدی کیلئے بھاری پڑ سکتی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مابقی ٹورنمنٹ میں ٹیم کی کارکردگی سے قطع نظر آفریدی کو قیادت سے محروم کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ پاکستان بورڈ کے ذرائع نے کہا کہ بورڈ میں آفریدی اور ان کی کارکردگی اور قیادت سے اطمینان نہیں ہے اور اگر آفریدی ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے بعد سبکدوشی کا فیصلہ بھی کرتے ہیں تو جب تک آفریدی کھیلتے رہیں گے، انہیں کپتان نہیں بنایا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ آفریدی کے میڈیا بیانات سے بھی خوش نہیں ہے اور بورڈ کا ماننا ہے کہ اب اُن سے آگے بڑھنا چاہئے۔ کہا گیا ہے کہ پاکستان بورڈ کے صدرنشین شہریار خاں نے یہ اشارہ بھی دیا کہ ورلڈ ٹی 20 کے بعد موجودہ سلیکشن کمیٹی کو برخاست کردیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان چاہے سیمی فائنل میں پہنچے یا خطاب بھی جیت جائے، تب بھی ہارون رشید کی قیادت والی سلیکشن کمیٹی کو برخاست کردیا جائے گا۔ ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کے تین اجلاس منعقد ہوئے ہیں۔ کمیٹی نے سلیکٹرس اور مینجمنٹ کی کارکردگی پر عدم طمانیت ظاہر کی ہے۔ کمیٹی کے ارکان نے ایک اجلاس میں چیف سلیکٹر ہارون رشید کے علاوہ دوسرے سلیکٹرس سلیم جعفر ، اظہر خان اور کبیر خان سے علیحدہ پوچھ تاچھ بھی کی ہے۔ پتہ چلا ہے کہ بعض سلیکٹرس کی شکایت یہ تھی کہ ہارون رشید نے اہم فیصلوں میں انہیں شامل نہیں کیا ہے۔ حالیہ وقتوں میں بعض کھلاڑیوں کو کیپٹن اور کوچ کے دباؤ پر منتخب کیا گیا۔ عہدیدار کا کہنا ہے کہ بورڈ موجودہ کوچ وقار یونس کا معاہدہ ختم ہونے کے بعد انہیں توسیع دینے کے بجائے نئے کوچ کے تقرر پر بھی غور کررہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT