Friday , April 27 2018
Home / ہندوستان / ٹیپو سلطان کی آج یوم پیدائش تقاریب ، بنگلور میں سخت سکیورٹی

ٹیپو سلطان کی آج یوم پیدائش تقاریب ، بنگلور میں سخت سکیورٹی

شیر میسور کی ’’جینتی‘‘ منانے ریاستی حکومت کے فیصلہ کے بعد حساس مقامات پر بھاری پولیس تعینات

بنگلور ۔ /9 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں کل شیر میسور ٹیپو سلطان کی یوم پیدائش تقاریب منائی جارہی ہیں ۔ ان تقاریب سے قبل شہر میں سکیورٹی کو سخت کردیا گیا ہے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے منائی جانے والی ان تقاریب کی بعض تنظیموں نے مخالفت کی ہے ۔ میسور کے بادشاہ کی 18 ویں صدی کی حکمرانی کی یاد میں کل یوم پیدائش کو بڑے پیمانہ پر منایا جارہا ہے ۔ حساس مقامات پر پولیس کی بھاری جمعیت کو تعینات کیا گیا ہے ۔ شہر میں کوئی جلوس نکالنے کی اجازت نہیں دی گئی جو ٹیپو جینتی سے تعلق ہو ۔ صرف ریاستی حکومت کی جانب سے منائی جارہی تقریب کے موقع پر ایک جلسہ منعقد کیا جائے گا ۔ پولیس کمشنر بنگلور ٹی سنیل کمار نے کہا کہ ہم نے کسی کو بھی جلوس نکالنے کی اجازت نہیں دی ہے چاہے یہ ٹیپو جینتی کے حق میں ہو یا مخالفت میں کوئی جلوس نہیں نکالا جائے گا ۔ صرف ریاستی حکومت کی جانب سے منعقدہ تقریب کو ہی اجازت ہوگی ۔ حکومت خود شہر کے مختلف حصوں میں یوم پیدائش تقاریب منارہی ہے جس کے لئے ہم نے وسیع تر انتظامات کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس تقریب کے لئے کرناٹک اسٹیٹ ریزرو پولیس کے 30 پلاٹونس اور 25 مسلح پلاٹونس کو بھی تعینات کیا گیا ہے اس کے علاوہ پولیس ملازمین اور آفیسرس بھی تعینات ہوں گے ۔ شہر بھر میں زائد از 11000 پولیس ملازمین ہیں ۔ روزانہ کی پولیس کے علاوہ ہوم گارڈ کو بھی تعینات کیا جائے گا ۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ حکومت نے جن مقامات کی نشاندہی کی ہے وہاں پر جینتی تقاریب منعقد ہوگی اور جو کوئی گڑبڑ کرنے کی کوشش کرے گا تو اس کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا ۔ ہم نے اب تک احتیاطی اقدام کے طور پر کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی ہے ۔ اگر صورتحال کا تقاضہ ہو تو دفعہ 144 نافذ کیا جاسکتا ہے ۔ سدارامیا زیرقیادت کانگریس حکومت نے دو سال سے ٹیپو جینتی منانا شروع کیا ہے ۔ بی جے پی اور بعض دائیں بازو کے گروپس ان تقاریب کی مخالفت کررہے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT