Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹیچرس زمرہ ایم ایل سی کیلئے کے جناردھن ریڈی ٹی آر ایس کا ادخال پرچہ نامزدگی

ٹیچرس زمرہ ایم ایل سی کیلئے کے جناردھن ریڈی ٹی آر ایس کا ادخال پرچہ نامزدگی

شہیدان تلنگانہ کو خراج، وزراء اور قائدین کی شرکت، اساتذہ کے مسائل حل کرنے کا عزم
حیدرآباد۔/18فبروری، ( سیاست نیوز) حیدرآباد، رنگاریڈی اور محبوب نگر ٹیچر زمرہ کی قانون ساز کونسل کی نشست کیلئے ٹی آر ایس امیدوار کے جناردھن ریڈی ( ٹی آر ٹی یو ) نے آج اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی، رکن اسمبلی سرینواس گوڑ، پارٹی کے سینئر قائدین اور کارکنوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ جناردھن ریڈی نے جی ایچ ایم سی میں ریٹرننگ آفیسر کو پرچہ نامزدگی حوالے کیا۔ انہوں نے شہیدان تلنگانہ کی یادگار پہنچ کر خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے مسائل کی یکسوئی کیلئے وہ ہر ممکن مساعی کریں گے۔ جناردھن ریڈی نے یاد دلایا کہ وہ سابق میں بھی نامساعد حالات کے باوجود اساتذہ کیلئے جدوجہد کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسری میعاد کیلئے انتخاب کے بعد وہ مسائل کی یکسوئی کیلئے ہمیشہ دستیاب رہیں گے۔ انہوں نے وزراء، ارکان اسمبلی و کونسل اور ٹیچرس یونین کے نمائندوں کی جانب سے ان کے موقف کی تائید پر اظہار تشکر کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی نے جناردھن ریڈی کی کامیابی کو یقینی قرار دیا اور کہا کہ تلنگانہ حکومت نے اساتذہ کی ترقی اور بھلائی کیلئے جو اقدامات کئے ہیں اس کی بنیاد پر ٹی آر ایس امیدوار کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے رائے دہندوں سے ٹی آر ایس کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی ۔ وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی نے کہا کہ جناردھن ریڈی کی خدمات کو ملحوظ رکھتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے انہیں دوبارہ امیدوار بنایا ہے۔ انہیں یقین ہے کہ جناردھن ریڈی اساتذہ کی تنظیموں کے تعاون سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT