Friday , June 22 2018
Home / شہر کی خبریں / ٹیکس میں اضافہ کے بغیر آمدنی بڑھانے پر غور،مجلس بلدیہ حیدرآباد کو سیل ٹاورس سے کروڑوں کا فائدہ ممکن : مئیر بی رام موہن

ٹیکس میں اضافہ کے بغیر آمدنی بڑھانے پر غور،مجلس بلدیہ حیدرآباد کو سیل ٹاورس سے کروڑوں کا فائدہ ممکن : مئیر بی رام موہن

حیدرآباد ۔ 11 ۔ دسمبر : ( ایجنسیز ) : مئیر مسٹر بی رام موہن نے عظیم تر حیدرآباد مجلس بلدیہ ( جی ایچ ایم سی ) عہدیداروں سے کہا کہ وہ بلدیہ کی آمدنی بڑھانے کے لیے ٹیکسوں میں اضافہ کے بارے میں غور و فکر نہ کریں ۔ بلکہ سیل ٹاورس سے آمدنی بڑھانے کے بشمول آمدنی بڑھانے کے دیگر طریقہ کار کی تلاش کریں ۔ مئیر نے کہا کہ ٹیکسوں میں اضافہ سے لاکھوں لوگ غیر ضروری طور پر پریشان ہوں گے ۔ اس کے بجائے جو افراد ٹیکس ادا نہیں کررہے ہیں ان پر دھیان دیا جائے ۔ علاوہ ازیں جو متعینہ رقم سے کم ٹیکس ادا کررہے ہیں ، ان کی بھی نشاندہی کریں ، مئیر نے کہا کہ دوسرے
شہروں میں سیل ٹاورس سے زیادہ آمدنی ہوتی ہے جب کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو سیل ٹاورس سے اطمینان بخش آمدنی نہیں ہورہی ہے ، مئیر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ سیل ٹاورس کے بارے میں منصوبہ بندی کریں ۔ انہوں نے اس بات کی طرف بھی اشارہ دیا کہ شہر میں 2000 سے زیادہ سیل ٹاورس ہیں ۔ لیکن 500 سیل ٹاورس سے ہی جی ایچ ایم سی کو آمدنی ہورہی ہے ۔ دوسرے ٹاورس جی ایچ ایم سی کے ریکارڈ میں آخر کیوں درج نہیں ہیں ، حیدرآباد میں جی ایچ ایم سی کے تحت 1300 کمیونٹی ہال ، 600 پارک ، اور 3000 سے زائد کھلے مقامات ہیں چنانچہ جی ایچ ایم سی ایسے مقامات پر سیل ٹاورس کی تنصیب اور اس کے استعمال سے آمدنی بڑھانے کے امکانات کو تلاش کریں ۔ مئیر نے عہدیداروں کو پرانے اپارٹمنٹس کی لفٹ کی جانچ کے بھی احکام دیئے ، انہوں نے کہا کہ پرانی لفٹ کے مناسب طور پر کارکرد نہ ہونے کے سبب کئی حادثات ہورہے ہیں ۔ چنانچہ پرانے لفٹوں کی جانچ کرتے ہوئے اپارٹمنٹ میں رہنے والوں کو حادثات سے بچایا جائے ۔ اور ان کے لیے ضروری بہتر راستے بنائے جائیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT