Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹی آرایس حکومت کے اسکیمات پر اپوزیشن کی تنقیدوں کی مذمت

ٹی آرایس حکومت کے اسکیمات پر اپوزیشن کی تنقیدوں کی مذمت

اسکیم میں بے قاعدگیوں کے الزامات مسترد ، ٹی آر ایس ایم ایل سی کے پربھاکر کا ردعمل
حیدرآباد۔/23اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے غریبوں کیلئے مکانات کی تعمیر سے متعلق ٹی آر ایس حکومت کی اسکیم پر اپوزیشن جماعتوں کی تنقیدوں کی مذمت کی۔ پارٹی کے رکن قانون ساز کونسل کے پربھاکر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ غریبوں کو دو بیڈ رومس پر مشتمل مکانات کی تعمیر کی اسکیم کو دیکھتے ہوئے کانگریس پارٹی برداشت نہیں کرپارہی ہے۔ انہوں نے اس اسکیم میں بے قاعدگیوں کے الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ ملک میں تلنگانہ وہ واحد ریاست ہے جس نے بے گھر غریب خاندانوں کو دو بیڈ رومس پر مشتمل مکانات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاست کے تمام اضلاع میں دسہرہ کے دن اس اسکیم کا آغاز کیا گیا جس سے غریب عوام کافی خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جاریہ سال 60ہزار مکانات کی تعمیر کا منصوبہ رکھتی ہے اور اس نشانہ کی تکمیل کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کئے جائیں گے۔ پربھاکر نے کہا کہ انتخابات سے قبل عوام سے جو وعدے کئے گئے تھے ان پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے انتخابی منشور کے علاوہ کئی نئی اسکیمات کا آغازکیا۔ حکومت کے ان اقدامات سے عوام کافی خوش ہیں اور حکومت کی اس مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اپوزیشن جماعتیں بے بنیاد الزامات عائد کررہی ہیں۔ پربھاکر نے کانگریس قائدین کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 10برسوں کی حکومت کے دوران کانگریس نے اس طرح کی کوئی اسکیم شروع نہیں کی تھی لہذا اب وہ  فلاحی اسکیمات سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں وہ چاہتے ہیں کہ بے بنیاد الزامات کے ذریعہ عوام میں اُلجھن پیدا کی جائے۔ پربھاکر نے ہاوزنگ اسکیم کا سنگ بنیاد رکھنے پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں اسکیمات میں کئی بے قاعدگیاں منظر عام پر آئیں اور کانگریس قائدین نے ہمیشہ عوام کی بھلائی سے زیادہ اپنی بھلائی پر توجہ دی۔ انہوں نے کانگریس قائدین کو عہدوں کا لالچی قرار دیا اور کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ حکومت پر تنقیدوں کے ذریعہ کسی طرح دوبارہ اقتدار حاصل کریں۔ انہوں نے جنرل سکریٹری اے آئی سی سی ڈگ وجئے سنگھ کی جانب سے ٹی آر ایس حکومت پر کی گئی تنقیدوں کو محض ایک بکواس قرار دیا اور کہا کہ حقائق جانے بغیر ڈگ وجئے سنگھ نے حکومت کے خلاف الزام تراشی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈگ وجے سنگھ کو الزامات عائد کرنے سے قبل ریاست کا دورہ کرتے ہوئے معلومات حاصل کرنی چاہیئے۔ ٹی آر ایس حکومت نے کسانوں کے قرض معاف کئے اور زرعی شعبہ کو موثر برقی کی سربراہی کو یقینی بنایا۔ کانگریس اور تلگودیشم دور حکومت میں زرعی شعبہ کو نظراندازکیا گیا جس کے باعث بڑی تعداد میں خودکشی کے واقعات پیش آئے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کے دارالحکومت امراوتی کے سنگ بنیاد تقریب میں کے سی آر کی شرکت سے آندھرا پردیش کے عوام میں مسرت کی لہر دوڑ گئی۔ کے سی آر نے نئے دارالحکومت کی تعمیر میں مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔

TOPPOPULARRECENT