Saturday , November 25 2017
Home / اضلاع کی خبریں / ٹی آر ایس ، اپوزیشن کے روبرو مباحث کیلئے تیار

ٹی آر ایس ، اپوزیشن کے روبرو مباحث کیلئے تیار

اپوزیشن کے الزامات بے بنیاد ہوگئے، حکومتی چیف وہپ کے مہیندر کی پریس کانفرنس
کریم نگر۔ 13 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی ٹی آر ایس حکومت پر اپوزیشن جماعتوں کانگریس، بی جے پی، تلگو دیشم، کمیونسٹ جماعتوں کی جانب سے بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگائے جارہے ہیں جبکہ ٹی آر ایس قائدین ان الزامات کو جھوٹا ثابت کرنے کے لئے تیار ہیں۔ عوام کے سامنے جس مقام پر بھی اپوزیشن چاہے، ٹی آر ایس مباحث کے لئے تیار ہے۔ حکومت کے چیف وہپ کے مہیندر نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس، بی جے پی، ٹی ڈی پی قائدین کے الزامات میں اگر سچائی ہے تو وہ عوام اور ٹی آر ایس قائدین کے روبرو آئیں اور اپنے الزامات ثابت کریں۔ ٹی آر ایس اپوزیشن کے تمام الزامات کے جوابات دینے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی مانگ پر ریاست میں کسانوں کی خودکشی کے واقعات پر اسمبلی میں مباحث ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور میں کسانوں کو قرض معافی رقم سے زیادہ قرضہ معافی رقم ٹی آر ایس نے جاری کی۔ ریاست میں 2,600 کروڑ روپئے کے مصارف سے 8 ہزار تالابوں کی مرمت کروائی گئی۔ اس کے باوجود مشن کاکتیہ کو ’’کمیشن کاکتیہ‘‘ کا نام دے کر اس کے خلاف پروپگنڈہ کیا جارہا ہے۔ 36 ہزار کروڑ روپئے واٹر گرڈ پروگرام کیلئے جاری کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آرایس نے کانگریس دور کے منسوخ کردہ پراجکٹوں کی بھی تعمیر کا بیڑا اٹھایا ہے اور ہر بجٹ میں 25 ہزار کروڑ روپئے مختص کرتے ہوئے تین سال میں تمام پراجیکٹس کی تکمیل کا نشانہ ہے۔ خودکشی کرنے والے کسانوں کے ارکان خاندان کو فی کس 6 لاکھ روپئے کی امداد دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ تاریخ میں ایسی مثال نہیں ملتی۔حکومت چیف وہپ نے اپوزیشن قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ برسراقتدار ٹی آر ایس حکومت پر بے جا الزامات عائد کرنے کے بجائے حکومت کو تعمیری مشورہ دیں، بلاثبوت کوئی الزامات نہ لگائیں اور اس سلسلے کو بند کردیں۔ عوام کو گمراہ نہ کریں۔ اس پریس کانفرنس میں کریم نگر میئر سردار رویندر سنگھ، ٹی آر ایس قائدین سری پرساد، مائیکل سرینواس راجندر اور دیگر موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT