Saturday , December 16 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس امیدواروں کے انتخاب کا عمل شروع

ٹی آر ایس امیدواروں کے انتخاب کا عمل شروع

حیدرآباد۔/12جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے امیدواروں کے انتخاب کا عمل شروع کردیا ہے۔ امیدواروں کے انتخاب کیلئے قائم کردہ کمیٹی کا اجلاس آج شام سکریٹری جنرل ٹی آر ایس ڈاکٹر کے کیشور اؤ کی قیامگاہ پر منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان، ریاستی وزراء کے ٹی آر، کڈیم سری ہری، این اندرا کرن ریڈی اور حکومت کے مشیر ڈی سرینواس نے شرکت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ کمیٹی نے اپنے پہلے اجلاس میں ہر بلدی ڈیویژن میں پارٹی کے موقف کے بارے میں کئے گئے سروے کا جائزہ لیا۔ اس سروے میں مقامی سطح پر قائدین کی نشاندہی کی گئی جو اپنی عوامی مقبولیت اور صلاحیت کے سبب کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کے داخلی سروے کے مطابق امیدواروں کے ناموں کو ترجیح دی جائے گی۔ چیف منسٹر نے کمیٹی کو ہدایت دی ہے کہ وہ سفارشات کی بنیاد پر ناموں کو قطعیت دینے کے بجائے پارٹی کے سروے پر انحصار کرے۔ بتایا جاتا ہے کہ پہلے مرحلہ میں نئے شہر کے علاقوں کے امیدواروں کو قطعیت دی جائے گی جبکہ پرانے شہر کے بلدی حلقوں کے امیدواروں کا انتخاب دوسرے مرحلہ میں کیا جائے گا۔ چیف منسٹر کی جانب سے کمیٹی کی تشکیل کے ساتھ ہی کیشوراؤ اور دیگر ارکان کی قیامگاہوں پر ٹکٹ کے خواہشمندوں کا زبردست ہجوم دیکھا گیا ہے۔ واضح رہے کہ امیدواروں کے انتخاب سے متعلق کمیٹی میں شہر سے تعلق رکھنے والے کسی وزیر اور عوامی نمائندہ کو شامل نہیں کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ پرانے شہر کی نشستوں کے بارے میں حلیف جماعت مجلس سے مشاورت کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ گریٹر حیدرآباد چناؤ کیلئے پرچہ نامزدگی کے ادخال کا آج سے آغاز ہوگیا۔ 17جنوری 3بجے سہ پہر تک پرچہ نامزدگی داخل کئے جاسکتے ہیں جبکہ 2فبروری کو رائے دہی اور 5فبروری کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT