Friday , April 27 2018
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس جمہوری انداز میں منتخبہ حکومت

ٹی آر ایس جمہوری انداز میں منتخبہ حکومت

حکومت کی کامیابیوں سے اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ، ٹی سرینواس یادو
حیدرآباد۔/9 فبروری، ( سیاست نیوز) وزیر افزائش مویشیاں ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت جمہوری انداز میں عوام کی منتخبہ حکومت ہے۔ انہوں نے اپوزیشن پر الزام عائد کیا کہ وہ حکومت کی کامیابیوں سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر الزام تراشی کررہی ہے۔ تلنگانہ بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواس یادو نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے عوام کی بھلائی اور ریاست کی ترقی کیلئے جن اسکیمات کا آغاز کیا ہے اس سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر اپوزیشن جماعتیں چیف منسٹر اور ان کے ارکان خاندان کو نشانہ بنارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کانگریس نے دس سالہ دور اقتدار میں عوامی مسائل اور ریاست کی ترقی کو نظر انداز کردیا تھا۔ اب جبکہ تین برسوں میں ٹی آر ایس نے تلنگانہ کو ترقی کے معاملہ میں ملک میں سرفہرست کردیاہے اپوزیشن کو یہ برداشت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کے سلسلہ میں متحدہ آندھرا پردیش کی کسی بھی حکومت نے اس قدر توجہ نہیں دی جتنا کے سی آر کی زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت نے قدم اٹھائے ہیں۔ کانگریس دور حکومت میں آبپاشی پراجکٹس کیلئے صرف پیشگی رقم ادا کی گئی جبکہ پراجکٹس کی تعمیر کا کام شروع نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کا سیاسی کیریئر ختم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ انہوں نے کانگریس کے برسراقتدار آنے کا دعویٰ کرتے ہوئے سیاست سے سبکدوشی کا اعلان کیا ہے۔ سرینواس یادو نے ریمارک کیا کہ داڑھی اور مونچھ بڑھانے سے 70 نشستیں حاصل نہیں ہوتی۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کیلئے 7 نشستیں حاصل کرکے دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی سے عوام کا اعتماد اُٹھ چکا ہے۔ ان حالات میں قائدین کے بے بنیاد الزامات مزید نقصاندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ اور کمزور طبقات کی بھلائی کیلئے ٹی آر ایس حکومت نے جو اقدامات کئے اس کی مثال کوئی اور حکومت پیش نہیں کرسکتی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس قائدین نے ترقیاتی اسکیمات میں رکاوٹ پیدا کرنے کیلئے عدالت میں مقدمات دائر کئے ہیں۔ انہوں نے کانگریس قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ محض الزام تراشی کے بجائے حکومت کے ترقیاتی اسکیمات میں خود کو حصہ دار بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کا آئندہ انتخابات میں صفایا ہوجائیگا۔

TOPPOPULARRECENT