Friday , September 21 2018
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس حکومت اقلیتوں کی تعلیمی و معاشی ترقی کے عہد کی پابند

ٹی آر ایس حکومت اقلیتوں کی تعلیمی و معاشی ترقی کے عہد کی پابند

چیف منسٹر کے سی آر کی دلچسپی کی ستائش ، ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی کا ادعا

چیف منسٹر کے سی آر کی دلچسپی کی ستائش ، ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی کا ادعا
حیدرآباد 24 اپریل (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ محمد محمود علی نے کہا کہ کے سی آر کی زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کے عہد کی پابند ہے ۔ پارٹی کے پلینری سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے اقلیتی بہبود سے متعلق چیف منسٹر کی دلچسپی کی بھر پور ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اقلیتوں کو ہر شعبہ میں ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے محکمہ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ نہ صرف موجودہ اسکیمات پر سنجیدگی سے عمل کریں بلکہ نئی اسکیمات کی تجاویز پیش کریں۔ محمود علی نے کہا کہ غریب مسلم لڑکیوں کی شادی کے موقع پر امداد سے متعلق شادی مبارک اسکیم پر کامیابی سے عمل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کا مقصد غریب خاندانوں میں شادی کے مسئلہ کی یکسوئی ہے ۔ انہوں نے اقلیتی بہبود کے بجٹ میں اضافہ کا ذکر کیا اور کہا کہ گذشتہ سال اقلیتی بہبود کا بجٹ 1034 کروڑ تھا جسے بڑھا کر 1105 کروڑ کیا گیا ہے۔ حکومت بجٹ کو مکمل خرچ کرنے پر توجہ دے رہی ہے ۔ محمود علی نے کہا کہ حکومت تمام طبقات کی ترقی کیلئے منظم منصوبہ کے ساتھ کام کررہی ہے ۔ انہوں نے چندرا شیکھر راؤ کو اقلیتوں کا ہمدرد اور تلنگانہ کا مہاتما قرار دیا۔ محمود علی نے کہا کہ کے سی آر کی قیادت میں تمام طبقات کی ترقی ممکن ہے اور سنہری تلنگانہ کا خواب پورا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتیں ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی اور اقدامات سے مطمئن ہیں۔ واضح رہے کہ پارٹی کے ایک روزہ پلینری سیشن میں مسلم اقلیت کے صرف ایک نمائندے کو تقریر کا موقع دیا گیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی نے اردو میں خطاب کیا ۔ پارٹی میں موجود مسلم عوامی نمائندے اور سینئر قائدین کو اظہار خیال کا موقع نہ ملنے پر مایوس دیکھا گیا ۔ پارٹی نے اقلیتوں سے متعلق انتخابی وعدوں کی تکمیل بطور خاص 12 فیصد تحفظات کا قرار داد میں کوئی تذکرہ نہیں کیا ۔

TOPPOPULARRECENT