Friday , February 23 2018
Home / Top Stories / ٹی آر ایس حکومت میں ترقی کے تعلق سے جھوٹا پروپگنڈہ

ٹی آر ایس حکومت میں ترقی کے تعلق سے جھوٹا پروپگنڈہ

ڈبل بیڈروم مکانات اور دلتوں میں تین ایکر اراضی کی تقسیم کاغذ تک محدود : اتم کمار ریڈی
حیدرآباد 13 فروری (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے ٹی آر ایس حکومت پر پنچایت نظام کو کھوکھلا بنانے کا الزام عائد کیا۔ اپنے اسمبلی حلقہ حضور نگر میں مختلف ترقیاتی کاموں میں حصہ لینے کے بعد ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گرام پنچایتوں اور دیگر مقامی اداروں کو خود مختار بنائے بغیر مواضعات اور دیہی علاقوں کی ترقی ممکن نہیں ہے۔ عوام کو اپنے مواضعات کی ترقی کے ترجیحات اور فنڈس کے استعمال کا مکمل حق ہونا چاہئے۔ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں پنچایت راج نظام کو مفلوج بتاتے ہوئے سرپنچس، زیڈ پی ٹی سی، ایم پی ٹی سی، ایم پی پی اور مقامی اداروں کے اختیارات چھین لینے گئے۔ اتم کمار ریڈی نے یاد دلایا کہ سابق وزیراعظم راجیو گاندھی نے دیہی علاقوں کی لیڈرشپ کو خود مختار بنانے پنچایت راج ایکٹ متعارف کرایا تھا۔ مرکزی بی جے پی اور تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت مقامی اداروں کو ترقی کا حصہ بنانے تیار نہیں ہے۔ انھوں نے ٹی آر ایس حکومت پر گرام پنچایت کیلئے فنڈس نہ جاری کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے مرکزی فنڈس کا بھی بیجا استعمال کرنے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہاکہ کوئی ریاست یا ملک اُس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک اس کے گاؤں اور دیہی علاقے ترقی نہ کریں اور گرام پنچایتوں کو خود مختار بنانے تک یہ ممکن نہیں ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ ریاست ترقی سے محروم ہے تاہم ٹی آر ایس حکومت میں ترقی کے تعلق سے جھوٹا پروپگنڈہ کیا جارہا ہے۔ دلتوں میں تین ایکر اراضی کی تقسیم، غریبوں میں ڈبل بیڈ روم مکانات کی فراہمی اور دوسری اسکیمات صرف کاغذ تک محدود ہے۔ امراورم گرام پنچایت آفس کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب میں عوام سے دریافت کیا کہ کیا کسی کو ڈبل بیڈ روم مکان حاصل ہوا ہے۔ عوام نے نفی میں جواب دیا۔ انھوں نے دلت عوام سے دریافت کیاکہ انھیں تین ایکر اراضی حاصل ہوئی ہے۔ کسی نے بھی ہاتھ نہیں اُٹھایا۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد مقامی اداروں کو زیادہ فنڈس وصول ہونے کے علاوہ مکمل اختیارات حاصل ہونے کی توقع کی جارہی تھی۔ تاہم چیف منسٹر نے عوام کے خوابوں کو چکنا چور کرکے صرف اپنے ارکان خاندان کی ترقی پر توجہ مرکوز کردی۔ اتم کمار ریڈی نے گوپالا پورم موضع میں آنگن واڑی بھون کا افتتاح کیا اور ساتھ ہی امراورم لفٹ اریگیشن اسکیم کا علی پورم میں معائنہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT