Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس حکومت پر غریب عوام کو دھوکہ دینے کا الزام

ٹی آر ایس حکومت پر غریب عوام کو دھوکہ دینے کا الزام

رئیل اسٹیٹ کو ترقی دینے جی او کی اجرائی غریبوں کا نقصان : سی پی ایم
حیدرآباد ۔ 12 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ( مارکسسٹ ) سی پی آئی ( ایم ) نے ریاستی حکومت پر غریب عوام کو دھوکہ دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ حکومت رئیل اسٹیٹ کی ترقی کے نام پر غریب عوام کو تباہ کرنا چاہتی ہے ۔ سکریٹری سی پی آئی ایم مسٹر ایم سرینواس نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت رئیل اسٹیٹ شعبہ میں بے پناہ ترقی کا دم بھر رہی ہے لیکن حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہے ۔ سرمایہ کاروں کو لبھانے اور رئیل اسٹیٹ کو ترقی دینے کے لیے حکومت نے حالیہ دنوں جی او نمبر 10جاری کیا جو غریب عوام کو تباہ کرنے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور اوسط درجہ کے طبقہ کی عوام کو اس جی او سے غیر تلافی نقصان ہوگا ۔ اس جی او کے تحت لے آوٹ میں 20 فیصد حصہ کو معاشی طور پر کمزور طبقات اور کم آمدنی والے طبقات کو مختص کرنے کی شرائط ختم ہوجائیں گی اور ان شرائط کو باضابطہ طور پر نکال دیا گیا ہے ۔ سال 2012 میں جاری تعمیراتی نظام جی او 168 میں 20 فیصد حصہ غریب اوسط درجہ کی عوام کو لے آوٹ میں مختص کیا جانا چاہئے لیکن ریاست میں تجارت اور سرمایہ داری کو فروغ دینے کی کوشش کے نام پر غریب عوام کے لیے موجودہ مواقع ختم کردئیے جارہے ہیں ۔ سی پی ایم نے حکومت کے اس فیصلہ کی سخت مخالفت کی ہے اور کہا کہ کئی سالوں تک جدوجہد و تحریک کے بعد غریبوں کے حقوق کے لیے حاصل کردہ جی او کو برخاست ہونے نہیں دیا جائے گا ۔ سی پی ایم نے غریبوں کے حقوق کے تحفظ اور مفادات کو حاصل کرنے کی جدوجہد کا فیصلہ کیا ہے اور جی او کی برخاستگی کو مخالف عوام پالیسی قرار دیتے ہوئے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ غریبوں کے حق میں موجودہ جی او کو بحال کرے اور جی او 10 کو برخاست کرے ۔۔

TOPPOPULARRECENT