Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس حکومت کی بدعنوانیوں کو آشکار کرنے کانگریس کی مہم

ٹی آر ایس حکومت کی بدعنوانیوں کو آشکار کرنے کانگریس کی مہم

عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جاریہ ماہ 3 بڑے پروگرامس کا اہتمام
حیدرآباد ۔ 19 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے جاریہ ماہ کے اواخر میں تین بڑے پروگرامس کا اہتمام کرتے ہوئے حکومت کی ناکامی ، بدعنوانیوں اور عوام دشمن پالیسیوں کو آشکار کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کانگریس پارٹی چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی جانب سے آبپاشی پراجکٹس پر پیش کردہ پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے جواب میں کانگریس کی جانب سے حقائق کو منظر عام پر لانے کے لیے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کرنے کی تیاری میں مصروف ہے ۔ 23 جولائی کو صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی کی جانب سے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کیا جائے گا ۔ کانگریس سے بے وفائی کرتے ہوئے ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے سابق رکن پارلیمنٹ مسٹر جی ویویک اور سابق وزیر مسٹر جی ونود کے خلاف 24 جولائی کو پداپلی میں ایک جلسہ عام منعقد کرتے ہوئے مقامی کانگریس قائدین و کارکنوں کے حوصلوں کو بلند کرنے کی بھی کوشش کی جارہی ہے ۔ کانگریس رابطہ کمیٹی کا اجلاس پہلی مرتبہ حیدرآباد کے بجائے عادل آباد میں منعقد کیا جارہا ہے ۔ جس میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری و انچارج تلنگانہ کانگریس امور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ شرکت کریں گے ۔ اس اجلاس میں ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔ جس میں حصول اراضی قانون پر تلنگانہ میں عدم عمل آوری ، آبپاشی پراجکٹس کی تعمیری قیمتوں میں اضافہ ، کسانوں کو بنکوں سے نئے قرضہ جات کی عدم ادائیگی کے علاوہ دوسرے مسائل پر غور کیا جائے گا ۔ اسی دن شام میں کسانوں کے مسائل پر احتجاجی جلسہ عام کا بھی اہتمام کیا جائے گا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی کانگریس پارٹی کو دیہی سطح سے مستحکم کرنے کے لیے پارٹی قائدین سے سرگرم مشاورت کررہے ہیں ۔ آبپاشی پراجکٹس کے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پر کافی دنوں سے توجہ دی جارہی ہے ۔ پارٹی کے سینئیر قائدین سے بھی مسلسل مشاورت کی جارہی ہے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدور اور جنرل سکریٹریز کو جنہیں اضلاع کا انچارج نامزد کیا گیا ہے ۔ انہیں اندرون 2 ماہ دیہی سطح سے اضلاع سطح کی کمیٹیاں تشکیل دینے منڈل اور اسمبلی سطح کے اجلاس طلب کرتے ہوئے مقامی قائدین کو اعتماد میں لے کر کام کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ چند اضلاع میں کام ٹھیک ڈھنگ سے چل رہا ہے ۔ چند اضلاع میں کام توقع کے برعکس ہے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی تمام نائب صدور و جنرل سکریٹریز سے مسلسل ربط پیدا کرتے ہوئے انہیں متحرک کررہے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT