Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس حکومت کے اندرون 16ماہ 90فیصد انتخابی وعدوں کی تکمیل

ٹی آر ایس حکومت کے اندرون 16ماہ 90فیصد انتخابی وعدوں کی تکمیل

تلنگانہ دیگر ریاستوں میں سرفہرست، ورنگل میں ٹی آر ایس کو کامیابی کا ادعا: ٹی ہریش راؤ
حیدرآباد۔/14نومبر ، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے دعویٰ کیا کہ ٹی آر ایس حکومت نے اقتدار کے 16ماہ کے دوران 90فیصد انتخابی وعدوں کو پورا کردیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل کے سلسلہ میں ٹی آر ایس ملک کی دیگر ریاستوں کے مقابلہ سرفہرست ہے۔ انہوں نے انتخابی وعدوں کے بارے میں کانگریس پارٹی کی تنقیدوں کو یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا کہ کانگریس دور حکومت میں ایک بھی انتخابی وعدہ کی تکمیل نہیں کی گئی اور 10برسوں تک عوام کو مسائل میں مبتلاء رکھا گیا۔ ہریش راؤ نے کانگریس پارٹی کی جانب سے وعدوں کی تکمیل سے متعلق 50سوالات کی اجرائی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام دشمن حکومت چلانے والی کانگریس پارٹی کو ٹی آر ایس سے سوال کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ کانگریس کو ٹی آر ایس سے سوال کرنے سے پہلے عوام سے معذرت خواہی کرنی چاہیئے کہ وہ اپنے اقتدار کے دوران مسائل حل کرنے میں ناکام رہی۔ وزیر آبپاشی نے کسانوں کے مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کی مخالف کسان پالیسیوں کے سبب تلنگانہ میں بھی کسانوں کو بعض مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کے کسانوں کو بہتر امدادی قیمت فراہم کرنے اور ان کا تحفظ کرنے کیلئے تلنگانہ حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کے کسانوں کے مسائل کے سلسلہ میں مرکز سے بارہا نمائندگی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے زرعی شعبہ کو برقی کی سربراہی کے وعدہ کو نہ صرف پورا کیا بلکہ آئندہ دو برسوں میں تلنگانہ ریاست زرعی شعبہ کو بلاوقفہ برقی سربراہ کرنے کے موقف میں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سماج کے ہر شعبہ کی ترقی اور بھلائی کیلئے ٹی آر ایس حکومت کام کررہی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو دن رات عوام کی بھلائی کی فکر لاحق ہے اور وہ تلنگانہ کو اپنے وعدہ کے مطابق خوشحال ریاست میں تبدیل کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی لاکھ الزام تراشیوں کے باوجود ورنگل میں عوام ٹی آر ایس کے ساتھ ہیں اور ٹی آر ایس امیدوار کی شاندار کامیابی یقینی ہے۔

TOPPOPULARRECENT