Monday , June 25 2018
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس حکومت کے ساتھ قائد اپوزیشن جانا ریڈی کا نرم رویہ

ٹی آر ایس حکومت کے ساتھ قائد اپوزیشن جانا ریڈی کا نرم رویہ

کانگریس ہائی کمان سے شکایت، کیڈر کے حوصلے پست ہونے کا ادعا

کانگریس ہائی کمان سے شکایت، کیڈر کے حوصلے پست ہونے کا ادعا
حیدرآباد /12 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے بیشتر ارکان اسمبلی نے حکومت سے نرم رویہ اپنانے کے خلاف قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی کی ہائی کمان سے شکایت کی اور ان کی قیادت پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے پارٹی کیڈر کے حوصلے پست ہونے کا ادعا کیا۔ واضح رہے کہ اسمبلی میں اپنی ہی پارٹی کے رکن اسمبلی سے معذرت خواہی کرانے کا تنازعہ زور پکڑ رہا ہے، جس کی وجہ سے کانگریس کے بیشتر ارکان اسمبلی اور پارٹی قائدین کے جانا ریڈی سے ناراض ہیں، جب کہ قائد اپوزیشن اپنے اقدام کو درست قرار دے رہے ہیں۔ انھیں صرف ایک یا دو ارکان کی تائید حاصل ہے۔ دریں اثناء صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کل شام گاندھی بھون میں پارٹی کا ایک اجلاس طلب کیا، جس میں اضلاع کے کئی کانگریس صدور اور قائدین نے پارٹی پر اپوزیشن کا تعمیری رول ادا نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں ٹی آر ایس نے حکومت کے خلاف جو رویہ اپنایا تھا، اس سے زیادہ سخت رویہ کانگریس کو اپنانا چاہئے، لیکن جانا ریڈی ٹی آر ایس حکومت کے ساتھ نرم رویہ اپناکر دیہات اور اضلاع میں حکومت کے خلاف سخت رویہ اپنانے والے کانگریس کارکنوں کے حوصلے پس کر رہے ہیں۔ اسی دوران اجلاس میں موجود جانا ریڈی نے پارٹی قائدین کی تنقیدوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انھیں کسی قائد کی تقلید کی ضرورت نہیں ہے اور نہ ہی وہ اس میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ وہ سینئر اور تجربہ کار ہیں، کانگریس ہائی کمان کے خطوط پر کام کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں حالات، مسائل اور موضوعات کے لحاظ سے اسمبلی میں وہ فیصلہ کر رہے ہیں، جس سے وہ مطمئن ہیں۔ واضح رہے کہ بیشتر قائدین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنانے کے سبب کے جانا ریڈی اجلاس کے دوران ہی اٹھ کر چلے گئے۔

TOPPOPULARRECENT