Thursday , June 21 2018
Home / Top Stories / ٹی آر ایس حکومت ہندوستان میں سب سے بدعنوان

ٹی آر ایس حکومت ہندوستان میں سب سے بدعنوان

ملک کے بڑے اخبارات میں شائع سروے سے کے سی آر بے نقاب ، اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔ 19 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے ملک کی دوسری بڑی بدعنوان ٹی آر ایس حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرنے کے لیے کمربستہ ہوجانے کی پارٹی کارکنوں اور عوام سے اپیل کی ہے ۔ پرجا چیتنیہ بس یاترا کے دوران وردھنا پیٹ میں منعقد کئے گئے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ سی ایم سی ، انڈیا کرپشن اسٹیڈی 2018 نے اپنی رپورٹ میں کے سی آر کے نظم و نسق کو آشکار کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کے 29 ریاستوں میں بدعنوانیوں کے معاملے میں تلنگانہ دوسرے نمبر پر ہے ۔ انہوں نے ملک کے بڑے اخبارات میں شائع ہوئی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 73 فیصد عوام نے ٹرانسپورٹ ، پولیس ، ہاوزنگ ، لینڈ ریکارڈ ، ہیلت ڈپارٹمنٹ ، میں بغیر رشوت دئیے کوئی کام نہ ہونے کا انکشاف کیا ہے ۔ عوام سے ڈرائیونگ لائسنس ، پولیس میں شکایت درج کرانے ، ایف آئی آر درج کرانے ، راشن کارڈ کی اجرائی ، ہاسپٹلس میں مریضوں کو شریک کرانے ، اسکولس میں داخلوں کے معاملے میں بڑے پیمانے پر رشوت خوری عام بات ہے ۔ سنہرے تلنگانہ کا خواب دیکھا کر کے سی آر نے تلنگانہ کو بدعنوان ریاست میں تبدیل کردیا ۔ اتم کمار ریڈی نے مشین کاکتیہ اور مشین بھاگیرتا میں بڑے پیمانے کی بدعنوانیاں ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ چند اسکیمات کنٹراکٹرس کو فائدہ پہونچاتے ہوئے کمیشن حاصل کرنے کے لیے متعارف کرائی گئی ہے ۔ ان پراجکٹس سے کے سی آر کا ارکان خاندان اور ان کے دوست احباب بڑے پیمانے پر فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔ فیس ریمبرسمنٹ کی اس لیے اجرائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے کیوں کہ حکومت کو اس سے کوئی آمدنی نہیں ہے لیکن ٹی آر ایس حکومت نے ہزاروں کروڑہا روپئے کنٹراکٹرس کے لیے جاری کردئیے ۔ اپنے ذاتی مفادات کی تکمیل کے لیے چیف منسٹر طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کررہے ہیں ۔ 4 سال قبل تلنگانہ پر 69 ہزار کروڑ روپئے کا قرض تھا اب یہ قرض 2 لاکھ کروڑ روپئے تک پہونچ گیا ہے ۔ بس یاترا کے ذریعہ کانگریس پارٹی تلنگانہ حکومت کی ناکامیوں اور بدعنوانیوں کو آشکار کررہی ہے ۔ ریاست میں جب بھی انتخابات منعقد ہوں گے کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔۔

TOPPOPULARRECENT