Saturday , December 15 2018

ٹی آر ایس زمینداروں کی اور کانگریس چوروں کی پارٹی

دونوں جماعتوں کی حکومت میں ترقیاتی کام ندارد۔ تلگودیشم لیڈر پرکاش ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 3 اپریل (سیاست نیوز) پولیٹ بیورو رکن تلگودیشم مسٹر آر پرکاش ریڈی نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی اور کانگریس کو ہدف ملامت بنایا اور ٹی آر ایس کو زمینداروںکی پارٹی اور کانگریس کو چوروںکی پارٹی سے تعبیر کیا۔ مسٹر پرکاش ریڈی نے گاؤں گاؤں تلگودیشم پارٹی پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے نرسم پیٹ میں خطاب کے دوران کہاکہ نرسم پیٹ علاقہ ٹی آر ایس قائد پی سدرشن ریڈی بروکری کی باتیں کرتے ہوئے دیگر پارٹیوں کے قائدین و کارکنوں کو ٹی آر ایس میں شامل کروارہے ہیں۔ علاوہ ازیں عوامی مسائل کو آج تک اسمبلی میں موضوع بحث نہ بنانے والے رکن اسمبلی ڈی مادھو ریڈی اپنے حلقہ اسمبلی ترقیاتی فنڈ کی رقومات سے کمیونٹی ہالس تعمیر کرنے کا دعوی کرتے ہوئے صرف سیاسی حربے استعمال کررہے ہیں۔ انھوں نے رکن اسمبلی مادھو ریڈی پر الزام عائد کیاکہ تعمیری کاموں کے کنٹراکٹ دیتے ہوئے بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں و کرپشن میں ملوث پائے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ گزشتہ چار سال کے دوران 100 کروڑ روپیوں کے تعمیری کاموں کے کنٹراکٹ حاصل کرکے کام مکمل کئے بغیر ہی رقومات کی لوٹ کھسوٹ کررہے ہیں۔ مسٹر پرکاش ریڈی نے مزید کہاکہ ان کے انجام دیئے ہوئے ترقیاتی کاموں کو تین نسلیں دیکھ رہے ہیں۔ گزشتہ چار سال کے دوران ٹی آر ایس اور اس سے قبل کانگریس حکومت میں اس علاقہ کے لئے کوئی ترقیاتی کام انجام نہیں دیئے بلکہ ترقیاتی کام صفر کے برابر رہے۔ سینئر قائد تلگودیشم پارٹی نے واضح طور پر کہاکہ وہ کسی بھی صورت میں تلگودیشم پارٹی سے مستعفی نہیں ہوں گے بلکہ اسی حلقہ اسمبلی نرسم پیٹ (جہاں سے ان کی سیاسی زندگی کا آغاز ہوا تھا) سے آئندہ انتخابات میں سیکل کے انتخابی نشان پر انتخابی مقابلہ کرکے بحیثیت رکن اسمبلی منتخب ہوکر دکھائیں گے۔ پرکاش ریڈی نے مزید کہاکہ دیہی سطح پر تلگودیشم پارٹی کو مضبوط و مستحکم بنانے کے لئے ہی گاؤں گاؤں تلگودیشم پارٹی پروگرام انجام دے کر گاؤں اور منڈل سطح پر مہیلا و یوتھ کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی جائیں گی اور ان کمیٹیوں میں تمام سماجی طبقات کو نمائندگی فراہم کرنے کی پارٹی ذمہ داروں کو مشورہ دیا۔ رکن پارلیمنٹ تلگودیشم پارٹی نے ریاست میں تلگودیشم دور حکومت میں انجام دیئے ہوئے ترقیاتی پروگراموں سے عوام کو واقف کروانے کے ساتھ ٹی آر ایس حکومت میں اختیار کردہ مخالف عوام پالیسیوں سے عوام میں شعور بیدار کرنے کی پارٹی قائدین و کارکنوں سے پرزور خواہش کی۔ اس موقع پر تلگودیشم پارٹی قائدین اے یعقوب ریڈی، اجمیرا سرینواس، وی بوندیا گوڑ، ڈی سدرشن، ڈی آنند، کے سمپت، ویرنا، مدھو، ایم پی ٹی سی ملیکانیہ اور نرنجن وغیرہ بھی شریک تھے۔

TOPPOPULARRECENT