Monday , January 22 2018
Home / اضلاع کی خبریں / ٹی آر ایس سربراہ کے سی آر پر موقع پرستی کا الزام

ٹی آر ایس سربراہ کے سی آر پر موقع پرستی کا الزام

عادل آباد رکن لوک سبھا راتھوڑ رمیش کی پریس کانفرنس

عادل آباد رکن لوک سبھا راتھوڑ رمیش کی پریس کانفرنس
عادل آباد۔ 18 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آنے والے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے بعد مرکز میں نریندر مودی اور ریاست میں تلگو دیشم پارٹی کی حکومت قائم ہوگی۔ یہ بات عادل آباد رکن لوک سبھا راتھوڑ رمیش نے مستقر عادل آباد کے تلگو دیشم پارٹی آفس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بی جے پی اور تلگو دیشم پارٹی کے درمیان سیاسی مفاہمت کو یقینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر مجالس بلدیات کے انتخابات میں کونسلرس کی نشستوں کی تقسیم کا عمل جاری ہے جس کے پیش نظر نرمل، بھینسہ بلدیات کے وارڈ میں چند مقامات پر تلگو دیشم اور چند وارڈس پر بی جے پی امیدواروں کو ٹھہرایا گیا ہے۔ اسی طرح عادل آباد 36 وارڈ میں بھی مفاہمت ہوگی، جبکہ حلقہ لوک سبھا عادل آباد سے راتھوڑ رمیش تلگو دیشم امیدوار بی جے پی کی تائید سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ زیڈ پی ٹی سی، ایم پی ٹی سی کے انتخابات میں بھی تلگو دیشم پارٹی کی کامیابی کا اظہار کرتے ہوئے 52 کے منجملہ 30 حلقہ جات سے تلگو دیشم امیدواروں کی کامیابی کو یقینی قرار دیا۔ تلگو دیشم کا انتخابی منشور کے مطابق تلنگانہ میں بی سی طبقہ کو چیف منسٹر، ایس سی، ایس ٹی اور مائناریٹیز کیلئے نائب چیف منسٹر، ہوم منسٹر جیسے باوقار عہدہ دینے کے علاوہ کسانوں کے قرضہ جات، ڈوکرا خواتین کے قرضہ جات کو معاف کرنے، نوجوان بیروزگار، تعلیم یافتہ افراد کو روزگار فراہم کرنے کا تیقن بھی دیا گیا۔ ملازمت فراہم ہونے تک انہیں بیروزگار معاوضہ دینے کی جہاں بات کہی، وہیں دوسری طرف ٹی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ پر تنقید کرتے ہوئے دلت طبقہ کا چیف منسٹر تلنگانہ میں بنانے کے وعدہ سے مکرنے پر کے سی آر پر موقع پرستی کا الزام عائد کیا۔

ریاست تلنگانہ کے قیام کی جدوجہد کو تلنگانہ کے تمام عوام کی جدوجہد قرار دیتے ہوئے اسے کسی ایک سیاسی جماعت کی کامیابی قرار دینا نامناسب ہے۔ سیاسی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین کو ٹی آر ایس کے ٹکٹ سے محروم کرنے پر بھی کے سی آر پر تنقید کی جبکہ کانگریس زیرقیادت یو پی اے حکومت کے دور میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کے باعث غریب افراد کو ہونے والی پریشانیوں اور مشکلات کا تذکرہ کیا۔ ضلع کے عوام سے خواہش کی کہ وہ تلگو دیشم امیدواروں کو اکثریت سے منتخب کریں جبکہ اس دوران ریاستی قائد مسٹر یونس اکبانی، ضلع پارٹی صدر مسٹر شیام سندر کے علاوہ دیگر قائدین بھی موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT