Wednesday , December 12 2018

ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کا آج اجلاس ، راجیہ سبھا کیلئے امیدواروں کا اعلان متوقع

حیدرآباد۔/10 مارچ، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس کل 11 مارچ ڈھائی بجے دن تلنگانہ بھون میں منعقد ہوگا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تمام ارکان اسمبلی و کونسل کو شرکت کی ہدایت دی ہے۔ لیجسلیچر پارٹی اجلاس میں پیر سے شروع ہونے والے اسمبلی کے بجٹ اجلاس کی حکمت عملی طئے کی جائے گی۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر راجیہ سبھا کی 3 نشستوںکیلئے پارٹی امیدواروں کے ناموں کا اجلاس میں اعلان کریں گے۔ بجٹ اجلاس مختلف نوعیت سے اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ایک طرف چیف منسٹر نے تیسرے محاذ کی تیاریوں کا اعلان کیا ہے تو دوسری طرف کانگریس پارٹی نے بس یاترا کے ذریعہ حکومت کے خلاف مہم کا آغاز کردیا۔ بجٹ اجلاس کے ہنگامہ خیز ہونے کے امکانات کو دیکھتے ہوئے وزراء اور ارکان کو ہدایات جاری کی جائیں گی۔ اپوزیشن کے الزامات کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے وزراء کو مکمل تیاری کے ساتھ پہنچنے اور ارکان کو پابندی کے ساتھ اجلاس میں شرکت کی ہدایت دی جاسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزراء کو اپنے متعلقہ محکمہ جات سے متعلق اُمور کی تمام تفصیلات کے ساتھ وقفہ سوالات اور مباحث کے وقت موجود رہنے کو کہا جائیگا۔ راجیہ سبھا کی 3 نشستوں کے امیدواروں کے ناموں کو چیف منسٹر نے بتایا جاتا ہے کہ قطعیت دے دی ہے اور رسمی طور پر کل لیجسلیچر پارٹی اجلاس میں اعلان کیا جائے گا۔ پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ 12 مارچ مقرر ہے۔

TOPPOPULARRECENT