Tuesday , September 25 2018
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس موقع پرست اور بی جے پی فرقہ پرست جماعتیں

ٹی آر ایس موقع پرست اور بی جے پی فرقہ پرست جماعتیں

کانگریس سیکولر جماعت ہونے کا ادعا، ڈی ناگیندر کا بیان

کانگریس سیکولر جماعت ہونے کا ادعا، ڈی ناگیندر کا بیان

حیدرآباد /21 مارچ (سیاست نیوز) صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی ڈی ناگیندر نے کانگریس کو سیکولر جماعت قرار دیتے ہوئے ٹی آر ایس کو موقع پرست اور بی جے پی کو فرقہ پرست قرار دیا۔ آج سی ایل پی آفس اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کانگریس نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیتے ہوئے تلنگانہ کی تعمیر کے لئے بھی نمایاں رول ادا کرے گی۔ کانگریس کے پاس ویژن ہے، عوام کی ترقی و بہبود کے لئے کانگریس کے پاس منصوبہ ہے، سماجی انصاف کانگریس ہی کرسکتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد خود کو کانگریس میں ضم کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم تشکیل ریاست کے بعد وہ اپنے وعدہ سے منحرف ہو گئی۔ انھوں نے بی جے پی کو فرقہ پرست قرار دیتے ہوئے کہا کہ گجرات میں اقلیتوں کا قتل عام کرانے میں راست اور بالواسطہ ملوث رہنے والے نریندر مودی کو وزارت عظمی کا امیدوار بناکر بی جے پی نے سیکولرازم کو بہت بڑا چیلنج کیا ہے، تاہم کانگریس پارٹی بی جے پی کے خفیہ ایجنڈا کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی اور نہ ہی اقلیتیں بی جے پی کو کامیاب ہونے دیں گی۔ انھوں نے کہا کہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں نے ہمیشہ سیکولر نظریات کی حامل کانگریس کا ساتھ دیا ہے، لہذا انھیں امید ہے کہ 2014ء کے عام انتخابات میں بھی اقلیتیں کانگریس کا ساتھ دے کر فرقہ پرست جماعت کو شکست سے دوچار کریں گی۔ انھوں نے علاقائی جماعتوں پر بھروسہ نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ذاتی مفاد کے لئے کسی بھی وقت بی جے پی سے مفاہمت کرسکتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے اقتدار سے زیادہ عوامی خدمت کو اہمیت دی ہے۔ کانگریس زیر قیادت یو پی اے حکومت اور ریاست میں کانگریس حکومت نے ملک و ریاست کی ترقی اور غریب عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بے مثال کارنامے انجام دیئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT