Tuesday , June 19 2018
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس میں عدم شمولیت پر دیگر پارٹی قائدین کو دھمکیاں

ٹی آر ایس میں عدم شمولیت پر دیگر پارٹی قائدین کو دھمکیاں

چیف منسٹر کے سی آر کا حقیقی چہرہ بے نقاب ، صدر تلنگانہ ٹی ڈی پی رمنا کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 15 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی صدر مسٹر ایل رمنا نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شامل نہ ہونے والے دیگر پارٹیوں کے ارکان اسمبلی کو ڈرانے و دھمکانے کا چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر الزام عائد کیا اور کہا کہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے حقیقی روپ کا تلگو دیشم پارٹی قبل ازیں ہی اظہار کرچکی ہے ۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر ایل رمنا نے پر زور الفاظ میں کہا کہ جب تلگو دیشم پارٹی کے ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کا آغاز ہوا تھا تب ہی دیگر پارٹیوں کو آگاہ کردیا گیا تھا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اب تک صرف ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کررہے تھے لیکن اب وہ تلنگانہ میں پائی جانے والی پارٹیوں کو ’ نگلنے ‘ کی کوششیں کررہے ہیں ۔ اس طرح ان کا حقیقی چہرہ بے نقاب ہورہا ہے ۔ صدر تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی مسٹر ایل رمنا نے تلنگانہ اسمبلی میں پائے جانے والے حالات پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی اجلاس کا انعقاد غیر ضروری طور پر بھاری رقومات خرچ کرنے کے سواء اور کچھ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ پیش ہوچکا ہے اور دوسرے دن ہی بجٹ کو ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کی موجودگی میں منظور بھی کرلیا ۔ انہوں نے چیف منسٹر پر ہر ایک کے ساتھ دھوکہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے دلتوں و اقلیتوں کے ساتھ بھی چیف منسٹر دھوکہ کیے ہیں ۔ اس کے علاوہ پراجکٹس کے نام پر من مانی طور پر اراضیات حاصل کر کے کسانوں کے ساتھ دھوکہ کررہے ہیں اور چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پرگتی بھون کو پیروی کاروں کے مرکز میں تبدیل کر کے رکھدیا ہے ۔ اور اپنے کابینی وزراء کو مسٹر چندر شیکھر راؤ ملاقات کا وقت نہیں دیتے لیکن چوروں و پیروکاروں کو ملاقات کا وقت پہلے دیا جاتا ہے ۔ صدر تلگودیشم پارٹی نے چیف منسٹر سے دریافت کیا کہ آیا حیدرآباد کو استنبول ، ورنگل کو پیرس اور کریم نگر کو گذشتہ چار سال کے دوران لندن بنادیا ؟ مسٹر ایل رمنا نے گذشتہ چار سال کے پیش کردہ بجٹ اور مصارف کی تفصیلات پر مبنی فی الفور وائیٹ پیپر جاری کرنے کا چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے مطالبہ کیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT