Sunday , May 27 2018
Home / Top Stories / ٹی آر ایس نے مسلمانوں کو پھر نظرانداز کردیا

ٹی آر ایس نے مسلمانوں کو پھر نظرانداز کردیا

راجیہ سبھا امیدواروں کے اعلان کے بعد سماجی انصاف کا وعدہ کرنے والی پارٹی کی قلعی کھل گئی

حیدرآباد۔11مارچ(سیاست نیوز) سماجی انصاف پر مشتمل ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے دعوے کرنے والی سیاسی جماعت تلنگانہ راشٹر سمیتی نے ایک مرتبہ پھرمسلمانوں کو نظر انداز کردیا۔ تشکیل تلنگانہ کے بعد ہونے والے دوسری مرتبہ ارکان راجیہ سبھا کے انتخاب کا مرحلہ قطعیت پا چکا ہے لیکن اس مرتبہ بھی تلنگانہ راشٹر سمیتی کی فہرست میں کوئی مسلم نام شامل نہیں ہے۔ ٹی آر ایس نے گذشتہ میں راجیہ سبھا کے لئے کے کیشو راؤ‘ ڈی سرینواس اور کیپٹن لکشمی کانت راؤ کو منتخب کروایا تھا اور اس مرتبہ توقع کی جا رہی تھی کہ تین ارکان راجیہ سبھا کی فہرست میں ایک مسلم امیدوار کو ضرور شامل کیا جائے گا لیکن آج جب فہرست کی اجرائی کے بجائے امیدواروں کو متعارف کروایا گیا تو سب حیرت زدہ رہ گئے ۔گذشتہ کئی ماہ سے جناب محبوب عالم خان اور جناب الحاج محمد سلیم کا نام ارکان راجیہ سبھا کیلئے تیزی سے گشت ہو رہا تھا اور گذشتہ یوم جناب محبوب عالم خان کے نام کو قطعیت دے دیئے جانے کی اطلاع بھی منظر عام پر آئی لیکن بتایا جاتا ہے کہ رات دیر گئے ان اطلاعات کی تردید کر دی گئی۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی نے تحریک تلنگانہ کے دوران مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات کی فراہمی کے علاوہ انہیں سب پلان کی فراہمی اور ایوانوں میں مساوی نمائندگی کے اعلانات کئے تھے اور کہا تھا کہ ریاست کو سنہرا تلنگانہ بنانے کیلئے آبادی کے تناسب کے اعتبار سے نمائندگیوں کی فراہمی ناگزیر ہے اور تلنگانہ راشٹر سمیتی اقتدار حاصل کرنے کی صورت میں اس بات کو ممکن بنائے گی۔ تلنگانہ عوام نے ٹی آر ایس کی ان باتوں پر اعتبار کرتے ہوئے اسے اقتدار حوالہ کیا لیکن گذشتہ ساڑھے تین برسوں کے دوران سب پلان اور تحفظات کا مسئلہ جوں کا توں برقرار رہا اور راجیہ سبھا میں جہاں پارٹی اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے امیدوار نامزد کرواسکتی تھی اس میں بھی مسلمانوں کو نظر انداز کیا گیا ۔ بتایا جاتاہے کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی میں موجود مسلم قائدین میں چیف منسٹر کے اس رویہ سے ناراضگی پیدا ہونے لگی ہے لیکن بعض قائدین جو مسلم ہونے کی بناء پر اعلی عہدہ پر فائز ہیں وہ اس صورتحال سے مطمئن ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ کے سی آر صاحب جو فیصلہ کرتے ہیں صحیح کرتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT