Saturday , August 18 2018
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی کا آج اجلاس

ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی کا آج اجلاس

پارلیمنٹ بجٹ اجلاس میں پارٹی کی حکمت عملی ودیگر امور کو قطعیت متوقع
حیدرآباد۔/2مارچ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کل 3مارچ کو ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا ہے۔ یہ اجلاس سہ پہر 4 بجے پرگتی بھون میں منعقد ہوگا۔ 5 مارچ سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن میں ٹی آر ایس کی حکمت عملی اور اجلاس میں موضوع بحث بنائے جانے والے اُمور کو قطعیت دی جائے گی۔ مرکز کے پاس زیر التواء ریاست کے مسائل کے حل کیلئے پارلیمنٹ میں آواز اٹھانے کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے ارکان کو شرکت کی ہدایت دی گئی ہے۔ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس موجودہ سیاسی حالات میں اہمیت کا حامل ہے۔ کے سی آر مرکزی حکومت کے رویہ سے خوش نہیں ہیں اور انہوں نے حالیہ دنوں میں مرکزی حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی پر براہِ راست تنقیدوں کا آغاز کردیا۔ چیف منسٹر انتخابات سے قبل مرکز سے ٹکراؤ کا راستہ اختیار کرتے ہوئے مسائل کی یکسوئی کیلئے اثر انداز ہونا چاہتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں چیف منسٹر آبپاشی پراجکٹس کیلئے مرکزی فنڈز، آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون میں تلنگانہ سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل، کالیشورم پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ، مشن بھگیرتا اور مشن کاکتیہ کیلئے مرکزی فنڈز کے علاوہ مسلمانوں اور درج فہرست قبائیل کے تحفظات میں اضافہ سے متعلق بل کی منظوری کیلئے آواز اٹھانے ارکان کو ہدایت دیں گے۔ مرکز کی جانب سے وسط مدتی انتخابات کی تیاریوں کی پیش قیاسی کے دوران ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اہمیت کا حامل ہے۔

TOPPOPULARRECENT