ٹی آر ایس پلینری سیشن کیلئے 9 کمیٹیوں کی تشکیل

15 ہزار قائدین کی شرکت متوقع، کے سی آر نے انتظامات کو قطعیت دی
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ٹی آر ایس کے 17 ویں پلینری سیشن کو کامیاب بنانے کیلئے 9 مختلف کمیٹیاں تشکیل دی ہے۔ ان کمیٹیوں میں رنگا ریڈی اور میڑچل کے پارٹی قائدین کو اہمیت دی گئی۔ چیف منسٹر نے 27 اپریل کو کومپلی میں منعقد ہونے والے پلینری سیشن کے مدعوئین کی فہرست کو منظوری دے دی ہے۔ منڈل کی سطح سے ریاستی سطح تک پارٹی قائدین کو سیشن میں مدعو کیا جائے گا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق استقبالیہ کمیٹی میں وزیر ٹرانسپورٹ پی مہیندر ریڈی ، رکن پارلیمنٹ ملکاجگیری ، سی ایچ ملا ریڈی کو شامل کیا گیا ہے۔ پلینری کے مقام ، اسٹیج ، مندوبین ، پارکنگ اور دیگر امور کے سلسلہ میں علحدہ کمیٹی تشکیل دی گئی۔ قراردادوں کی تیاری کیلئے 6 ا رکان پر مشتمل کمیٹی کا اعلان کیا جاچکا ہے جس کی قیادت رکن راجیہ ڈاکٹر کیشو راؤ کریں گے۔ تشکیل تلنگانہ کے بعد ٹی آر ایس کا یہ پانچویں پلینری سیشن ہے جس میں ریاست بھر سے 12 تا 15 ہزار قائدین کی شرکت متوقع ہے۔ ہر اسمبلی حلقہ سے کم از کم 5 قائدین مندوب کی حیثیت سے شریک رہیں گے ۔ دیگر اجلاسوں میں منڈل سے ریاستی سطح تک کے قائدین کو شرکت کی دعوت دی جائے گی ۔ قائدین کو تمام سہولتوںکی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے نگرانکار کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ حکومت کے ترقیاتی اور فلاحی اقدامات پر مباحث ہوں گے اور ریاست کے علاوہ ملک کی سیاسی صورتحال پر قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ سیشن میں سیاسی قرارداد اہمیت کی حامل رہیں گی جو آئندہ انتخابات کیلئے پارٹی حکمت عملی طئے کرے گی۔ پلینری سیشن کے اطراف و اکناف علاقوں میں ہورڈنگس اور خیرمقدمی کمانیں نصب کی جائے گی۔ سینکڑوں کی تعداد میں والینٹرس کو تعینات کیا جائے گا۔ شدید گرمی کے پیش نظر مندوبین کیلئے چھانچ اور ٹھنڈے پانی کا انتظام رہے گا۔ چیف منسٹر نے مندوبین کو ہدایت دی کہ وہ 27 اپریل کی صبح 10 بجے سیشن کے مقام پر پہنچ جائیں ۔ چیف منسٹر کے سیاسی مشیر سبھاش ریڈی نے بتایا کہ اسٹیج اور سیشن کے مقام کے انتظامات کی ذمہ داری تلنگانہ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن کے صدرنشین جی بالا ملو اور ایم ایل سی سامبا سیوا راجو کو دی گئی ہے۔ مندوبین کے انتظامات کی ذمہ داری کے وی ویویکانند گوڑ اور رکن اسمبلی قطب اللہ پور ایم سدھیر ریڈی ، رکن اسمبلی میڑچل سی ایچ کنکا ریڈی ، میئر حیدرآباد بی رام موہن کو دی گئی ہے۔ والینٹرس کمیٹی نے ایم ایل سی ایم ہنمنت راؤ ، ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین اور سی ایچ راکیش کو شامل کیا گیا۔ کھانے کے انتظامات کیلئے ایم کرشنا راؤ رکن اسمبلی کوکٹ پلی کو ذمہ داری دی گئی۔ پلینری سیشن کے مدعوئین میں ریاستی وزراء ، ارکان پارلیمنٹ ، ارکان مقننہ ، سابق ارکان پارلیمنٹ و سابق ارکان مقننہ ، ریاستی عاملہ کے قائدین ، کارپوریشنوں کے صدرنشین ، زیڈ پی چیرمین ، سابق زیڈ پی چیرمین ، میونسپل چیرمین ، ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو سوسائٹی چیرمین ، مارکٹ کمیٹی چیرمین ، منڈل اور سٹی پارٹی صدور اور کارپوریٹرس شامل ہیں۔

TOPPOPULARRECENT